اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعے کے دن عمان کے بادشاہ سلطان قابوس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے علاقے کی سلامتی میں عمان کے مرکزی کردار کو سراہا اور علاقائی بحرانوں کے خاتمے تک دونوں ممالک کے مابین تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے عمان کے بادشاہ سلطان قابوس کو عید الفطر کی مناسبت سے مبارکباد بھی پیش کی۔ ادھر ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مابین ایٹمی معاہدے سے علاقائی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران، علاقے کے تمام مسلم ممالک کے ساتھ اعلی ترین سطح کے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمسایہ اور علاقائی ممالک ہمیشہ ایران کی ترجیحات میں شامل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جبکہ پورا مغربی ایشیا جو ایک اسٹریٹیجک علاقہ سمجھا جاتا ہے، سفاکیت، شدت پسندی اور بیرونی مداخلت میں الجھا ہوا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ علاقے کے تمام ممالک امن و امان اور سلامتی کے لئے اپنی کوششوں میں مزید اضافہ کریں۔ حسین امیرعبداللہیان نے گفتگو، مشاورت اور باہمی تعاون کو ان مشکلات کے حل کی واحد راہ حل قرار دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲