9 جولائی 2015 - 19:34
یمن میں آخری رمضان تک سعودی جارحیت روک دینے کا امکان

یمن میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اس ملک میں جنگ بندی کا اعلان کر دیا جائے گا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ نے جمعرات کو صنعا سے روانہ ہونے سے قبل کہا کہ اقوام متحدہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں یمن میں جنگ بندی کا اعلان کردے گی- اس سے قبل ب‏‏عض صحافتی ذرائع نے جمعے کے دن سے آئندہ دس دنوں کے لئے جنگ بندی کے اعلان کا امکان ظاہر کیا تھا- بعض ذرائع نے بھی ماہ مبارک رمضان کے آخری پانچ دنوں اور ماہ شوال کے ابتدائی پانچ دنوں میں یمن میں جنگ بندی کا امکان ظاہر کیا تھا- یمن میں جنگ بندی کی باتیں ایسے عالم میں کی جا رہی ہیں کہ سعودی عرب، یمن کے مختلف علاقوں پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے- یمنی ذرائع نے جمعرات کو بتایا ہے کہ مغربی یمن کے ذمار شہر کے المنار علاقے میں ایک تعلیمی مرکز پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملے میں ستائیس شہری زخمی ہو گئے- المسیرہ ٹی وی نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ حجہ کے کحلان عفار علاقے میں واقع گورنر ہاؤس پر کئی بار بمباری کی- یمن کی عوامی انقلابی کمیٹیوں نے بھی سعودی حملوں کے جواب میں سعودی عرب کے ایک سرحدی فوجی مرکز پر حملہ کرکے ایک ٹینک اور مختلف جنگی ساز و سامان کو تباہ کر دیا- جبکہ یمنی فوجیوں کے پہنچتے ہی سعودی فوجی فرار ہو گئے- دریں اثنا یمنی سیکورٹی اہلکاروں نے ایک دہشت گرد گروہ کے کچھ عناصر کو جو مآرب صوبے میں زنانہ لباس پہن کر رفت و آمد کر رہے تھے، گرفتار کرلیا- ایک پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والا دہشت گرد صنعا میں دہشت گردانہ حملہ کرنا چاہتا تھا- اس سے قبل بیس جون کو بھی ایک دہشت گرد گروہ کے عناصر کو صوبہ مآرب کی چیک پوسٹ پر گرفتار کیا گیا تھا، یہ دہشت گرد بھی زنانہ لباس پہنے ہوئے تھے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲