9 جولائی 2015 - 02:29
صدر: ایران پابندیوں کے بعد کے دور کے لئے تیار ہو رہا ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران خود کو پابندیوں کے بعد کے دور کے لئے آمادہ کر رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے روس روانگی سے قبل نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات نہایت حساس مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور ایران خود کو پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے دور کے لئے تیار کر رہا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اس نئے دور میں اسلامی جمہوریہ ایران اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات میں فروغ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت، قومی مفادات کے مدنظر نیز قائد انقلاب اسلامی کی ہدایات و رہنمائی کے مطابق اپنی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔ یاد رہے کہ صدر ڈاکٹر حسن روحانی جمعرات اور جمعے کے دن ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے بدھ کی شام روس روانہ ہو گئے۔ صدر حسن روحانی اجلاس کے دوران برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی مہمان خصوصی کے طور پر اس اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169