اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جنیوا میں یمن سے متعلق امن مذاکرات میں شامل یمنی وفد کے ایک رکن نے کہا ہے کہ بعض مسائل میں پیشرفت ہوئی ہے اور امید کی جاتی ہے کہ ماہ رمضان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی عمل میں آجائے گی- حمزہ الحوثی نے جنیوا میں یمن امن کانفرنس میں انکشاف کیا کہ سعودی عرب، یمن کے خلاف جنگ میں ممنوعہ ہتھیار استعمال کر رہا ہے- انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ بات المیادین ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں بھی کہی ہے اور عوامی تحریک انصار اللہ قومی مصالحت پر مبنی مذاکرات کا خیر مقدم کرتی ہے- عوامی تحریک انصار اللہ کے رکن حمزہ الحوثی نے امید ظاہر کی کہ جنیوا مذاکرات یمن میں جنگ بندی پر منتج ہوں گے- انہوں نے کہا کہ جمعرات کے روز تمام مسائل پر بات چیت ہوئی تاہم بعض اصولی مسائل پر اتفاق رائے ہونا باقی ہے- کہا جا رہا ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور جنیوا کے علاوہ کسی اور جگہ منعقد ہوگا- اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پیر کے روز جنیوا مذاکرات کے آغاز میں درخواست کی ہے کہ ماہ مبارک رمضان کی مناسبت سے یمن میں دو ہفتے کے لئے انسان دوستانہ بنیادوں پر جنگ بندی قائم کی جائے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲