7 جون 2015 - 12:31
ایران اور اقوام متحدہ کی عراق میں باہمی اتحاد پر تاکید

ایران اور اقوام متحدہ نے عراقی قوم کے اتحاد و یکجہتی پر تاکید کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اطلاعات کے مطابق عراق کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے یان کوبیش نے تہران میں تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹجک تحقیقات کے مرکز کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کی- اس ملاقات میں ڈاکٹر ولایتی نے عراقی قوم کے اتحاد و یکجہتی پر تاکید کی- ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ہم نے علاقائی ممالک اور اقوام متحدہ کے ساتھ عراقی قوم کے اتحاد و یکجہتی پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے- انہوں نے کہا کہ ایران اپنی سرحدوں پر دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کی صورت میں ہاتھ پر باتھ دھرے بیٹھا نہیں رہے گا بلکہ دہشت گردی کا ڈٹ کا مقابلہ کرے گا- ڈاکٹر ولایتی نے داعش گروہ کو پوری دنیا کے لئے ایک خطرہ قراردیا اور کہا کہ داعش کا خطرہ صرف مشرق وسطی تک محدود نہیں ہے- ان کا کہنا تھا کہ ایران، دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں عراق اور شام کی مدد جاری رکھے گا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی یان کوبیش نے دہشت گردی سے مقابلے کے سلسلے میں ایران کی کوششوں کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا کہ داعش گروہ کا خطرہ بہت سنگین خطرہ ہے- ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے مقابلے میں ایران کا کردار قابل توجہ اور بہت اہمیت کا حامل ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲