19 مئی 2015 - 12:21
مشرقی الرمادی میں ساٹھ ہزار رضاکار فورس تعینات

عراق کے سیکورٹی ذرائع نے مشرقی الرمادی میں ساٹھ ہزار رضاکار فورس تعینات کرنے کی خبر دی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی کی آزادی کے لئے انجام پانے والے آپریشن کے لئے ساٹھ ہزار عوامی رضا کار فورس الحبانیہ فوجی اڈے پر پہنچ چکی ہے-

عراقی نیوز ویب سائٹ التغییر کے مطابق عوامی رضاکار فورس "ابو مہدی المہندس" کے زیر کمان انجام پانے والی فوجی کاروائیوں میں حصہ لے گی جبکہ البدر تنظیم کے سربراہ ہادی العامری اس آپریشن کی نگرانی کریں گے-
اطلاعات کے مطابق البدر تنظیم کے سربراہ ہادی العامری اتوار کو الرمادی پہنچ گئے ہیں-
ادھر عراقی پارلیمنٹ اور الانبار کی صوبائی کونسل کے ارکان نے صوبہ الانبار میں بدامنی کا اصل ذمہ دار امریکیوں کو قرار دیا ہے-
عراقی پارلمینٹ میں اہل سنت کی نمائندہ ناہیدہ الداینی نے عراق میں امریکہ کے منفی کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الانبار میں امریکہ اور غیرملکی اتحاد کے فضائی اڈے کی موجودگی کے باوجود انھوں نے داعش کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا-
دریں اثنا الانبار کی صوبائی کونسل کے رکن "طہ عبدالغنی" نے امریکہ کو الرمادی میں بدامنی میں اضافے اور اس علاقے میں دہشت گردوں کے داخل ہونے کا سبب قرار دیا ہے-
"طہ عبدالغنی" نے کہا ہے کہ عراقیوں کے لیے امریکیوں کا نہ ہونا، ان کے ہونے سے بہتر ہے- انہوں کہا الانبار کی نجات کے لئے عوامی رضاکار فورس کو میدان میں اتارنا پڑے گا-

.......

/169