14 مئی 2015 - 10:20
عراقی صدر کی آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی سے ملاقات

تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ نے عراقی صدر سے ملاقات میں کہا ہے کہ تمام شعبوں میں عراق کی مدد کرنا ایران کی پالیسی کا حصہ ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے بدھ کے روز تہران میں عراق کے صدر فواد معصوم سے ملاقات میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئےکہ ایران، عراق میں جمہوریت اور سیاسی امن و استحکام کو اپنے قومی مفادات کے لئے بھی بہتر سمجھتا ہے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت تمام میدانوں میں عراقی قوم اور حکومت کی مدد اور حمایت کرنا ایران کی پالیسی ہے- ہاشمی رفسنجانی نے عراق میں دہشت گردوں کو منصوبہ بند طریقے سے منظم کرنے اور مسلمانوں کے دشمنوں کی جانب سے دہشت گرد گروہ داعش کی بھرپور حمایت کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کا خطرہ صرف عراق تک محدود نہیں رہے گا- انھوں نے کہا کہ اس کا دائرہ علاقے اور مغربی ممالک تک بھی پھیل سکتا ہے- عراقی صدر فواد معصوم نے بھی اس ملاقات میں ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے عراق کے سیاسی عزم و ارادے پر زور دیا- انھوں نے کہا کہ ویزے کا خاتمہ، ماحولیات کا تحفظ، ریل رابطہ، دریائے اروند کی صفائی ایسے امور ہیں جن پر دونوں ممالک بات چیت کر رہے ہیں- عراق کے صدر نے اسی طرح عراق کی حمایت میں ایران کے اہم موقف اور ایران کی انسان دوستانہ اور اسٹریٹیجک امداد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران وہ پہلا ملک تھا کہ جس نے کسی بھی پیشگی شرط کے بغیر تمام شعبوں خاص طور پر دہشت گرد گروہ داعش کا مقابلہ کرنے میں کہ جس کی جڑیں کالعدم بعث پارٹی میں پیوست ہیں، عراق کی مدد کی-

.......

/169