7 مئی 2015 - 07:24
بغداد کے گرین زون سے بھاری اسلحہ چوری

عراقی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور دفاع کے کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ بغداد کے گرین زون سے بھاری مقدار میں ہتھیار چرا لئے گئے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور دفاع کے کمیشن کے سربراہ حاکم الزاملی نے بدھ کی رات کو السومریہ ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران چوری کے اس واقعے کا انکشاف کیا اور کہا کہ اسلحے کے گودام کے بعض ملازمین اور افسر اس چوری میں ملوث ہیں-
 حاکم الزاملی نے گرین زون میں کی جانے والی چوری پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ چوری کا یہ واقعہ ایسی حالت میں پیش آیا ہے کہ جب گرین زون میں داخل اور اس سے نکلتے وقت تمام سرکاری عہدیداروں حتی وزراء اور اراکین پارلیمنٹ کی تلاشی لی جاتی ہے-
 بعض رپورٹوں کے مطابق اس قدر بھاری مقدار میں ہتھیار چوری ہوئے ہیں کہ اس کے ساتھ ایک ڈویژن فوج کو مسلح کیا جا سکتا ہے- عراقی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور دفاع کے کمیشن کے سربراہ حاکم الزاملی نے ایسی دستاویزات کا بھی ذکر کیا جن سے ثابت ہوتا ہے کہ خطے کے عرب ممالک کے فائٹر پائلٹوں کا دہشتگرد گروہ داعش کے ساتھ رابطہ ہے - حاکم الزاملی نے امریکہ پر الزام عا‏ئد کیا کہ وہ دہشتگردی اور داعش کے خلاف جنگ میں سنجیدہ نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲