اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا اور برطانیہ کی جانب سے پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے۔
ایک بیان میں ممتاز زہرا بلوچ نے فوجی عدالتوں سے متعلق یورپی یونین کے تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین اور عدالتوں میں اندرونی معاملات حل کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے اندرونی مسائل کو حل کرنا جانتی ہے اور اس معاملے میں کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے امریکا کی جانب سے پاکستانی میزائل پروگرام پر عائد پابندیوں کو غیر ضروری اور نا انصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کی دفاعی پوزیشن کو کمزور نہیں کر سکتے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکی پابندیوں سے نہ تو پاکستان کے دفاع پر کوئی اثر پڑے گا اور نہ ہی دفاعی فیصلے متاثر ہوں گے۔