29 ستمبر 2024 - 06:46
صہیونی جارحیت، بیروت کے سینکڑوں خاندان ساحلوں اور سڑکوں پر منتقل

سنیچر کی صبح بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں سے دھواں اٹھ رہا تھا جو ان بہت سے خاندانوں کو دکھائی دے رہا تھا جو اسرائیل کی بمباری سے بچنے کے لیے اپنا گھربار چھوڑ گئے تھے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ اے پی کے مطابق، یہ ایک تکلیف دہ رات تھی۔ سینکڑوں خاندانوں نے سڑکوں، ساحلوں اور اپنی گاڑیوں میں رات گذاری۔

گذشتہ رات اسرائیل نے ضاحیہ کے مختلف حصوں پر حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا جہاں ہزاروں لوگ رہتے ہیں.

تقریباً ایک سال سے جاری تنازع کے دوران جمعے کو ہونے والے ایک بڑے دھماکے میں حزب اللہ کے رہنما سید حسن نصر اللہ شہید ہو گئے۔

گذشتہ ایک ہفتے میں اسرائیلی حملوں میں تیزی آئی ہے جس میں لبنان میں 700 سے زیادہ افراد شہید ہو چکے ہیں۔

لبنانی حکام کے مطابق پیر کے بعد سے لبنان میں مقیم تقریباً 22 ہزار 331 شامی اور 22 ہزار 117 لبنانی شہری شام منتقل ہو گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور اوچا نے کہا ہے کہ رواں ہفتے بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔

اوچا نے کہا ہے کہ اب تک دو لاکھ 11 ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں کچھ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والی تنظیموں کے کارکن بھی شامل ہیں۔

اوچا کے مطابق بے گھر ہونے والوں میں سے تقریباً 85 ہزار افراد پناہ گاہوں میں موجود ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110