26 ستمبر 2024 - 08:32
نیویارک: سلامتی کونسل چند مستقل ارکان کا آلہ کار بن چکی ہے، غریب آبادی

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور، کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل بعض ایسے مستقل اراکین کا آلہ کار بن چکی ہے جو اپنے سیاسی اور تزویراتی مفادات کو عالمی امن پر ترجیح دیتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، کاظم غریب آبادی نے بدھ کے روز سلامتی کونسل کے وزارتی اجلاس میں "امن کے لئے قیادت، اقوام متحدہ کے چارٹر کے احترام میں متحد ہو کر ایک محفوظ مستقبل کے حصول کے لئے کوشش"  کے عنوان سے منعقدہ مذاکرے میں سیکورٹی اینڈ کرائمز کونسل کی کارکردگی پر کڑی تنقید کی اور عالمی برادری سے صہیونی ریاست کے جرائم کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

غریب آبادی نے دنیا کی نازک صورتحال اور بعض خطوں میں تنازعات میں اضافے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ "بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں موجود اصول، جو کبھی بین الاقوامی تعلقات کی بنیاد تھے، اب تشویشناک حد تک نظر انداز کئے جا رہے ہیں۔ بین الاقوامی قوانین، خاص طور پر بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں، معمول بنتی جا رہی ہیں۔"

انہوں نے غزہ اور لبنان میں صہیونی ریاست کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ "غزہ کی صورت حال، بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ میں اجتماعی ناکامی کا ثبوت ہے۔ ہم ایک بے مثال انسانی تباہی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ جیسا کہ اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیداروں میں سے ایک نے بالکل درست کہا کہ، غزہ 'زمینی جہنم' بن چکا ہے، قابض ریاست کے ہاتھوں 42 ہزار  سے زیادہ بے گناہ فلسطینی ـ جن میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ـ قتل اور 93000 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔"

انھوں نے لبنان پر صہیونی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "دہشت گردانہ مقاصد کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے گنجان آباد علاقوں میں شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون، انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ وحشیانہ حملہ نہ صرف لبنان کے عوام پر بلکہ پوری انسانیت پر حملہ ہے۔"  

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110