25 ستمبر 2024 - 10:39
نیویارک: اسرائیل نسل کُشی کر رہا ہے/ ہمارے ہتھیار اور میزائل اپنے دفاع کے لئے ہیں، صدر اسلامی جمہوریہ ایران

صدر اسلامی جمہوریہ ایران، ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے مجرم صہیونی ریاست کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کُشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہم سب مل کر آواز اٹھائیں تو اسرائیل اپنے مجرمانہ اقدامات جاری رکھنے کی جرات نہیں کر سکے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، صدر اسلامی جمہوریہ ایران، ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے الجزیرہ چینل کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ خطے میں اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات میں نسل کُشی کے زمرے میں آتے ہیں لیکن بدقسمتی سے یورپی ممالک اور امریکہ صہیونیوں کے ان جرائم کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔

پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا اور تحریک حماس کو تباہ کرنے میں بھی ناکام رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل جو واحد ہدف حاصل کرسکا ہے وہ یہ ہے کہ اس نے شہروں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے اور غزہ کے عوام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی ترسیل کا راستہ روک رکھا ہے۔

صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے زور دے کر کہا کہ اسلامی ممالک کو اسرائیل کو مربوط اور مشترکہ جواب دینا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ " تحریک حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ ڈاکٹر اسماعیل ھنیہ کے قتل کے  بدلے کے  لئے وقت کا تعین ہم کریں گے اور اسرائیل جو چاہتا ہے وہ کر نہیں سکے گا۔"

ثاکٹر پزشکیان نے واضح کیا کہ ہمارا جواب کیسا ہوگا، کہاں سے ہوگا اور کب ہوگا، اس کا تعین ہم کریں گے لیکن اس کا اعلان نہیں کریں گے۔

ایرانی صدر نے زور دے کر کہا کہ اگر ہم سب مل کر اپنی آواز بلند کریںتو اسرائیل اپنے مجرمانہ اقدامات جاری رکھنے کی جرات نہیں کر سکے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110