24 ستمبر 2024 - 07:19
عالمی برادری فلسطینی عوام پر صہیونی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتی، ایران

ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے بین الاقوامی امور، ڈاکٹر کاظم غریب آبادی نے غیر وابستہ تحریک کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی نشست کے دوران فلسطین میں صہیونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست عالمی امن کے لئے سنجیدہ خطرہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے  قانونی و بین الاقوامی امور ڈاکٹر کاظم غریب آبادی نے نیویارک میں غیر وابستہ تحریک کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس دوران فلسطین میں صہیونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست عالمی امن کے لئے سنجیدہ خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اکتوبر کے بعد سے اب تک صہیونی ریاست کے حملوں میں غزہ اور غرب اردن میں ہزاروں بے گناہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ صہیونی ریاست معصوم بچوں اور بے گناہ لوگوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہی ہے۔ فلسطین میں اسرائیل کے ہاتھوں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

غریب آبادی نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے صہیونی جرائم پر خاموشی فلسطینیوں کے قتل عام کی اجازت دینے کے مترادف ہے۔ عالمی برادری مزید خاموش نہیں رہ سکتی۔ اسرائیل کے خلاف سنجیدہ اور واضح موقف اختیار کرنا اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔

معاون وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ لبنان میں مواصلاتی آلات کو عام شہریوں پر حملے کا ہتھیار بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صہیونی ریاست کو بین الاقوامی قوانین کی کوئی پروا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین پر جنگ کی بنیاد ایک جعلی ریاست ہے جو گذشتہ سات دہائیوں سے اس سرزمین پر قائم ہے۔ فلسطینیوں کا ہر اقدام اپنے جائز حق کے دفاع کے زمرے میں آتا ہے جس کی اقوام متحدہ جیسا ادارہ اجازت دیتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110