17 ستمبر 2024 - 08:33
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محمد اسلامی

اسلامی جمہوریہ ایران کی ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کے ساتھ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایجنسی کے ساتھ ایران کے تعلقات مستحکم طریقے سے جاری ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پیغام کے ضمن میں کہا ہے کہ میں نے ویانا میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے 68ویں سالانہ جنرل اجلاس کے پہلے دن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی سے ملاقات اور بات چیت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ ملاقات میں باہمی تعاون کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

محمد اسلامی کے مطابق انہوں نے آئي اے ای اے کے سربراہ پر واضح کیا کہ ایران عالمی ادارے کے قوانین و ضوابط کے تحت اپنے ایٹمی پروگرام کو آگے بڑھانے میں پوری طرح سنجیدہ ہے اور آئی اے ای اے کو بھی اس کی حمایت کرنا چاہئے۔

اسلامی نے واضح کیا کہ اس موقع پر تجویز پیش کی گئی ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی، اسلامی جمہوریہ ایران کی ایٹمی صلاحیت اور توانائیوں سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت مثبت رہی اور ہم اسے آگے کی جانب پیشرفت قرار دے سکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔

110