13 جون 2021 - 12:04
صہیونی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینی خاتون کی شہادت کے بعد تحریک انتفاضہ میں آئی تیزی

فلسطینی گروہوں نے شمالی بیت المقدس میں صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں ایک فلسطینی خاتون کی شہادت پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تحریک انتفاضہ تیز کرنے کا اعلان کیا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے اتوار کو ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی جیل سے رہا ہونے والی فلسطینی خاتون ابتسام کعابنہ کی شہادت فلسطینیوں کے خلاف صیہونی دشمن کے جرائم کے نئے سلسلے کا ایک نمونہ ہے ۔

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے زور دے کر کہا ہے کہ اس مذموم اور گھناؤنے جرم کا جواب استقامت ہے ، بیان میں کہا گیا ہے کہ استقامت انتہا پسندصیہونیوں اور صیہونی حکومت کی جرائم پیشہ وسفاک فوج کے مقابلے میں ملت فلسطین کی ڈھال ہے ۔

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے اپنے بیان میں انتفاضہ تیزکرنے اور صیہونیوں کے تمام رابطہ مراکز اور چیک پوسٹوں کوان کے لئے جہنم میں تبدیل کرنے کی اپیل کی۔

تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے بھی اعلان کیا ہے کہ صیہونیوں نے اسرائیلی جیل سے رہا ہونے والی فلسطینی خاتون کوشہید کرکے فلسطینیوں کوصیہونی دشمن کے مقابلے میں اپنا اتحاد ویکجہتی مضبوط بنانے کا پابند بنا دیا ہے۔

دوسری جانب فلسطین کی استقامتی تحریک حماس کے ترجمان نے حماس اور حزب اللہ کے خلاف متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کے بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے ۔

تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اتوار کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مغربی ملکوں کی ایما پر حماس کو دہشت گرد قرار دینے کا اماراتی وزیرخارجہ کا بیان عربیت اور عرب قوم پرستی کے تمام مفاہیم سے تضاد رکھتا ہے ۔

حماس کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ امارات کے وزیرخارجہ بن زائد کا یہ بیان شکست خوردہ صیہونیوں کی پروپیگنڈہ مہم کا حصہ اور فلسطینی استقامت کی حمایت سے متعلق عرب اقوام کے موقف کے برخلاف ہے ۔

متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ عبداللہ بن زائد نے امریکی یہودیوں کی کمیٹی کی ویب سائٹ کو انٹریو دیتے ہوئے کہا تھا کہ افسوس ہے کہ بعض ممالک حماس ، حزب اللہ یا اخوان المسلمین جیسی تنظیموں کی درجہ بندی کے سلسلے میں واضح روش پر عمل نہیں کررہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲