اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شورکوٹ کے نواحی علاقے میرک سیال میں محلہ قریشیاں والا کے رہائشی تقی عباس شاہ کو قائم بھروانہ کے قریب دن دھاڑے کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشتگرد لیاقت عرف بھولی نے کلہاڑی کے پے در پے وار کر کے شہید کر دیا، بھرے مجمع میں ہونے والے قتل کے اس لرزہ خیز واقعہ نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا۔ تفصیل کے مطابق ایک سال قبل محلہ قریشیاں کے رہائشی تقی عباس شاہ قریشی پر جھوٹا گستاخی صحابہ کا مقدمہ درج کرایا گیا، جس کے بعد پولیس نے اُسے چار ماہ بعد رہا کر دیا، رہائی کے بعد کالعدم عناصر کی جانب سے مقتول کو مسلسل قتل کی دھمکیاں ملتی رہیں، جبکہ گذشتہ روز کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشتگرد لیاقت عرف بھولی نے قائم بھروانہ کے قریب مقتول کو دن دیہاڑے کلہاڑیوں کے وار کرکے شہید کر دیا، جبکہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد خاموش تماشائی بنی رہی۔

اطلاعات کے مطابق دہشتگرد لیاقت عرف بھولی اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔ ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ کالعدم جماعت کے دہشتگردوں نے ایک بے گناہ سید زادے کو سرعام شہید کرکے جھنگ میں فرقہ واریت بھڑکانے کا طبل بجا دیا ہے، حکومت اور سکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اگر ان دہشتگردوں کو قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو ملک میں انارکی پھیلے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ شورکوٹ میں ایک بار پھر کالعدم تنظیم کے دہشتگرد سر اُٹھا رہے ہیں، حکومت اس حوالے سے ایکشن لے، وگرنہ حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲