اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں وکشمیر انجمن شرعی شیعیان کے شعبہ قضائیہ کے انچارج اور صدر دفتر کے سرکردہ کارمند، عالم دین حجت الاسلام سید ذوالفقار علی جعفری کی رحلت جان گداز پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کے خانہ محبوس صدرحجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرحوم کی دینی اور تنظیمی خدمات کو عقیدت کا خراج نذر کیا۔
مرحوم عرصہ دراز سے انجمن شرعی شیعیان کے ساتھ وابستہ رہے۔ تنظیم کے حوزہ جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام میں کافی عرصہ تک تدریسی خدمات انجام دیتے رہے اور بعد میں تنظیم کے صدر دفتر میں اہم ذمہ داریوں پر تعینات رہے۔ مرحوم کچھ عرصہ کی علالت کے بعد داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔
آغا حسن نے مرحوم کے سانحہ ارتحال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے سانحہ ارتحال کو تنظیم کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ آغا حسن نے کہا کہ مرحوم ہر پہلو سے ایک دلچسپ، پرخلوص اور قابل اعتماد انسان تھے۔ ان کی دین داری اور دین شناسی ہمارے لئے قابل رشک تھی۔
آغا حسن نے مرحوم جملہ لواحقین و پسماندگان سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ دریں اثنا تنظیم کے صدر دفتر پر کارمندان اور کئی سرکردہ اراکین کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مرحوم کے تنظیمی خدمات کو یاد کیا گیا اور مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں مرحوم کے لواحقین و پسماندگان کو تعزیت پیش کی گئی اور مرحوم کے بلندی درجات کی دعا کی گئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲