اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کورونا وائرس کا قہر اب ہندوستان میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کرناٹک میں ہوئی ایک سن رسیدہ شخص کی موت کے بعد اب دہلی میں ایک خاتون نے جمعہ کو دم توڑ دیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ خاتون کی عمر 68 سال تھی اور وہ کورونا وائرس کی زد میں تھی ۔
ادھر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ملک میں مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ جہاں جمعرات کو کورونا متاثرین کی تعداد 75 تھی ، وہیں جمعہ کو یہ تعداد بڑھ کر 81 ہوگئی ۔ بتایا جارہا ہے کہ اس تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔
دوسری جانب پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہو گئی جس کے بعد ملک بھر میں تمام اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی۔ سینما گھروں، تھیٹرز، شادی ہال اور اسکولوں سمیت تعلیمی اداروں کو تین ہفتوں کے لئے بند کر دیا گیا اور ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کی تعداد میں اضافے کے بعد 23 مارچ کو یوم پاکستان کے حوالے سے تمام تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار سے زائد ہوگئی، وائرس سے 5 ہزار400 افراد ہلاک جب کہ 71 ہزار کے قریب صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 67 ہزار 800 افراد تاحال زیرعلاج ہیں۔