5 فروری 2020 - 06:23
فلسطین سے متعلق رہبر انقلاب اسلامی کی تجویز زیادہ معقول ہے: جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطین سے متعلق رہبر انقلاب اسلامی کی تجویز ( فلسطین میں ریفرنڈم کی تجویز) سب سے زیادہ معقول ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی صدر کیجانب سے نام نہاد صدی ڈیل کو ایک خطرناک اقدام قرار دیا اور کہا کہ امریکہ نے اس منصوبے کی رونمائی سے فلسطینی مسئلے کے حل میں شریک ہونے کی حیثیت سے موقع گنوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کے حالیہ اقدامات سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی اورفلسطینی سرزمین پر قبضہ جمانے کیلئے غاصب صہیونی حکومت سے بھی کہیں زیادہ گستاخ ہیں۔

جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکہ کو فلسطینی مسئلے کے حل میں شریک ہونے کی کوئی ضرورت نہیں اس لئے کہ صرف فلسطینی عوام ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غاصب صہیونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اپنے خیال میں ’مشرق وسطٰی میں قیام امن‘ کے لیے اپنا منصوبہ پیش کیا۔

وائٹ ہاوس میں منعقدہ اس تقریب میں فلسطین کے کسی نمائندے کو مدعو ہی نہیں کیا گیا تقریب میں صرف عمان، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے سفیروں نے شرکت کی۔



/129