اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق یورپ کی علمائے اہل بیت (ع) ایسوسی ایشن نے بلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں مسجد امام رضا (ع) کو نذر آتش اور امام جماعت کو شہید کرنے کے وحشیانہ اقدام کی مذمت میں ایک بیان جاری کیا ہے جس کا متن درج ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
«وَلا تَقُولُوا لِمَنْ يُقْتَلُ في سَبیلِ اللّٰهِ اَمْوَاتٌ بَلْ اَحْيَاءٌ وَلٰكِن لا تَشْعُرُون»
اور جو لوگ اﷲ کی راہ میں مارے جائیں انہیں مت کہا کرو کہ یہ مُردہ ہیں، (وہ مُردہ نہیں) بلکہ زندہ ہیں لیکن تمہیں (ان کی زندگی کا) شعور نہیں۔
برسلز میں مسجد امام رضا علیہ السلام پر تکفیری سوچ کے حامل تشدد پسندوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔عالمی استکباری طاقتیں جو دنیا پر اپنی حاکمیت کے آخری مراحل سے گذر رہی ہیں، بدستور مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے درپے ہیں اور یہ طاقتیں جو مشرق وسطی کے ممالک ـ تیونس، مصر، لیبیا اور مصر میں اسلامی بیداری کی تحریکوں سے خوفزدہ ہیں ـ اپنے استعمار زدہ کرائے کے حکمرانوں کے ذریعے یورپ کے مسلمانوں کے اتحاد کو نشانے پر لی ہوئی ہیں اور اپنے ذرائع ابلاغ کے ذریعے فرقہ واریت کو ہوا دے رہی ہیں۔ استعماری ذرائع ابلاغ اور اسلامی ممالک پر مسلط صہیونیوں کے زرخرید غلاموں کی طرف سے اسلاموفوبیا اور شام کے خلاف اشتعال انگیز بیانات، نیز شیعیان اہل بیت (ع) کی تکفیر پر مبنی وہابی مفتیوں کے فتوے، اس قسم کے حملوں کے لئے دستاویز کا کردار ادا کرتے ہیں نیز معلوم ہوتا ہے کہ مساجد اور عبادتگاہوں نیز مقدس مقامات ان کے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ اسلامی ممالک میں صہیونیوں کے ایجنٹوں کے ذرائع ابلاغ شام میں فرقہ واریت کی سرپرستی کررہے ہیں اور مسلمانوں کو ورغلانے کے لئے صہیونیوں کی تیار کردہ رپورٹیں نشر کررہے ہیں اور ان جھوٹی رپورٹوں کی ابلاغی کوریج اور ان ممالک کے امیروں اور وزیروں کے بیانات کا مقصد یہ ہے کہ مسلمانوں کی رائے عامہ کو اسی سمت میں آگے لے جایا جائے جو استکباری طاقتوں کا مطمع نظر ہے۔ استعماری طاقتوں نے فتنہ پردازیوں کے ذریعے مسلمانوں کے درمیان فرقہ واریت پھیلانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے اور وہ کبھی بھی مسلمانوں کو چین سے نہيں رہنے دیں گی چنانچہ شیطانی اہداف کے حصول پر اصرار کرنے والی استکباری و استعماری طاقتوں کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ مسلمان باہمی اتحاد و یکجہتی کو قائم و دائم رکھیں اور اسلامی اخوت کی صفوں کو مستحکم کریں۔ مسلمانوں کو صہیونیوں اور ان کے کٹھ پتلیوں کے تشہیری اور ابلاغی حملوں سے ہوشیار رہنا چاہئے اور سب کو جاننا چاہئے کہ اپنے مکتب کے تحفظ کے بہانے شیعہ مذہب یا سنی مذہب پر حملہ، درحقیقت استعماری قوتوں کے مذموم ایجنڈے کو تقویت پہنچاتا ہے وہی استعماری اور صہیونی قوتیں جنہوں نے اسلام، قرآن اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو اپنے بغض و عناد کا نشانہ بنارکھا ہے۔برسلز میں انجام پانے والا وحشیانہ حملہ استعماری قوتوں کی سرپرستی اور اشتعال انگیزی کا نتیجہ تھا جو تکفیریوں اور وہابیوں کے ہاتھوں انجام پایا اور اس کا نشانہ مسلمانوں کا اتحاد تھا نیز عبادتگاہوں پر حملہ ان کی کمزوری کی علامت ہے۔ ہم "یورپ کی علمائے اہل بیت (ع) ایسوسی ایشن" کے اراکین اس عظیم مصیبت پر شہید شیخ عبداللہ دہدوہ کے اہل خانہ اور دوستوں کو تسلیت و تعزیت عرض کرتے ہیں اور اس حملے میں شہادت پانے والے شہید شیخ عبداللہ دہدوہ کے لئے اللہ تعالی سے رحمت و غفران کی دعا کرتے ہیں اور اللہ تعالی سے التجا کرتے ہیں کہ اس شہید سعید کو شہدائے کربلا کے زمرے میں جگہ دے۔ آمین
علمائے اہل بیت (ع) ایسوسی ایشن - یورپ
برسلز کے امام جماعت تکفیریوں کے حملے میں شہید / باتصویر
برسلز کے امام جماعت کے قتل پر عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کا مذمتی بیان