ابنا: مصر کے ہزاروں عوام نے حالیہ دنوں کے دوران قاہرہ میں اسرائیل کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرے کر کے فلسطینی عوام کی حمایت کی اور مصر میں اسرائیل کا سفارت خانہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مصر اور صیہونی حکومت کے تعلقات انیس سو اناسی میں کیمپ ڈیوڈ معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد قائم ہوئے اور اس کے بعد مصر نے قاہرہ میں صیہونی حکومت کا سفارت خانہ کھولنے کی منظوری دے دی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مصر کے عوام ابتدا سے ہی کیمپ ڈیوڈ معاہدے کے مخالف تھے اور اسے اپنے ملک کےلیے باعث ننگ و عار اور ناقابل قبول سمجھتے تھے اور اسی بنا پر یہ صرف حکومتی سطح پر قابل قبول تھا۔ مصری عوام سمجھتے تھے کہ اس ملک کے ڈکٹیٹر حکمرانوں نے کیمپ ڈیوڈ معاہدہ کر کے فلسطینی کاز کے ساتھ کھلی غداری کی ہے اور صیہونی حکومت اور امریکہ کے سامنے سر جھکا کر علاقے میں مصر کی ساکھ ختم کر کے رکھ دی ہے۔اس بنا پر اب جب کہ مصری عوام کی تحریک نے اپنے آغازمیں ہی حسنی مبارک کی تیس سالہ آمرانہ حکومت کا خاتمہ کر کے رکھ دیا ہے، مصری عوام نے ملک کے موجودہ حکمرانوں سے اپنے پہلے مطالبے میں قاہرہ میں اسرائیل کا سفارت خانہ بند کرنے اور صیہونی حکومت کے ساتھ مصر کے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خصوصا اس لیے کہ مصری حکومت گزشتہ تیس برسوں کے دوران ہر سطح پر نہ صرف صیہونیوں کی حامی رہی ہے بلکہ اقتصادی لحاظ سےبھی مصر نے اسرائیل کو تقریبا مفت گیس فراہم کر کے اس کی حمایت کی ہے۔واضح ہے کہ حسنی مبارک کی حکومت کے خاتمے کے بعد صیہونی حکومت نے علاقے میں اپنا اصلی ترین حامی کھو دیا ہے اور اب کبھی بھی مصر میں حالات کسی بھی صورت میں اسرائیلی حکام کے خوش آئند نہیں ہوں گے۔ صیہونی حکومت نے مصر کے ڈکٹیٹر حکمرانوں کی حمایت اور مداخلت سے بیس سال تک فلسطینیوں اور دنیا والوں کو نام نہاد امن مذاکرات کے کھیل میں الجھائے رکھا اور مصر کے تعاون سے اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ کیا اور بائیس روز تک اس نے غزہ کے مظلوم اور نہتے عوام پر ممنوعہ ہتھیاروں کی بارش جاری رکھی۔اس بنا پر حسنی مبارک کی حکومت کے خاتمے کے بعد مصر کے عوام نے فلسطین کے غاصبوں کو اپنے وطن سے باہر نکالنے کا پختہ عزم کر لیا ہے وہ بھی ایسی حالت میں کہ صیہونی حکومت کے بعض حکام نے مصر کی حمایت چھن جانے کے بعد اسرائيل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو اس کا ذمہ دار قرار دینا شروع کر دیا ہے کہ جس نے مشرق وسطی کے امن مذاکرات کا دروازہ بند کر کے اسرائیل کو علاقے میں تنہائی اور بربادی کی جانب دھکیل دیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/169
7 مئی 2011 - 19:30
News ID: 240546
مصر کے عوام نے اپنی کامیاب تحریک کے سو دن مکمل ہونے پر صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات ختم کرنے اور اسرائیلی سفیر کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔