20 مئی 2024 - 18:38
صدر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام تعزیت اورقومی سوگ کا اعلان

رہبر انقلاب اسلامی امام سید علی خامنہ ای نے صدر اسلامی جمہوریہ ایران، خادم الرضا(ع)، سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ، مشرقی آذربائی جان میں نمائندۂ ولی فقیہ، صوبے کے گورنر اور ان کے دیگر ساتھیوں کی شہادت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی امام سید علی خامنہ ای نے صدر اسلامی جمہوریہ ایران، خادم الرضا(ع)، سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائی جان میں نمائندۂ ولی فقیہ سید محمد علی آل ہاشم، صوبے کے گورنر ڈاکٹر مالک رحمتی اور ان کے دیگر ساتھیوں کی شہادت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلام کے پیغام تسلیت کا متن درج ذیل ہے:

بسم الله الرّحمن الرّحیم

إنا لله وإنا إلیه راجعون

میں نے عالم مجاہد، عوامی اور محنتی اور باصلاحیت صدر، خادم الرضا (علیہ السلام)، جناب حجت الاسلام والمسلمین آقائے الحاج سید ابراہیم رئیسی اور ان کے محترم ساتھیوں کی شہادت جیسی موت کی تلخ خبر پر حزن و تاسف کے ساتھ وصول کر لی۔

یہ افسوسناک واقعہ ایک خدمت کے دوران رونما ہؤا؛ [سرکاری اور سماجی] ذمہ داریوں کے دوران ـ خواہ قلیل صدارتی دور میں خواہ اس سے پہلے ـ اس بلند ہمت اور ایثار پیشہ انسان کی تمام تر زندگی، بلا توقف عوام، ملک اور اسلام کی خدمت میں بسر ہوئی۔

ہمارے پیارے رئیسی تھکاوٹ سے ناآشنا تھے۔ اس تلخ واقعے میں ملت ایران اپنے سچے، مخلص اور مخلص خادم سے محروم ہوئی۔ ان کے نزدیک عوام کی بھلائی اور رضامندی ـ جو اللہ کی رضا و خوشنودی کی علامت ہے ـ کسی بھی دوسری چیز پر ترجیح رکھتی تھی؛ چنانچہ بعض بدخواہوں کی ناشکریوں اور طعنوں سے آزردگی ترقی اور اصلاح امور کی راہ میں ان کی دن رات خدمت کے راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی تھی۔

اس انتہائی بھاری واقعے میں تبریز کے ہر دلعزیز اور معتبر امام جمعہ حجت الاسلام و المسلمین آل ہاشم، مجاہد اور فعال وزیر خارجہ جناب آقائے امیر عبداللہیان، صوبہ مشرقی آذربائی جان کے انقلابی اور دیندار گورنر جناب آقائے مالک رحمتی، ان کے دوسرے ساتھی اور ہیلی کاپٹر کے عملے کے ارکان رحمت الہیہ کے سائے میں جا بسے۔

میں پانچ روز عام سوگ کا اعلان کرتا ہوں اور ملت ایران کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔ آئین کے دفعہ 131 کے تحت، سینئر نائب صدر جناب آقائے مخبر کو انتظامیہ کے سربراہ مقرر کیا جاتا ہے اور ان کی ذمہ داری ہے ہے کہ مقننہ اور عدلیہ کے سربراہوں کے ہمراہ، ایسی تمہید فراہم کریں کہ اگلے 50 دنوں میں نیا صدر منتخب ہو جائے۔

آخر میں جناب آقائے رئیسی کی والدہ محترمہ اور فاضلہ اور معززہ زوجہ اور دوسرے پسماندگان نیز ان کے ساتھیوں کے اہل خانہ، خاص طور پر جناب آقائے آل ہاشم کے والد ماجد کو دلی تسلیت و تعزیت پیش کرتا ہوں اور درگاہ ربوبی سے ان کے لئے صبر و سکون اور مرحومین کے لئے رحمت الہیہ کی التجا کرتا ہوں۔  

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سیّد علی خامنہ ای

1403/2/31 ہجری شمسی

19/5/2024ع‍