اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
جمعہ

29 مارچ 2024

6:37:32 PM
1447679

طوفان الاقصی؛

غزہ اس لمحے تک فاتحِ میدان ہے / صہیونی ریاست مقاومت کے مجاہدین کو شکست دینے سے عاجز ہے / آپ اللہ کے فضل سے غزہ کے عوام کی حتمی فتح کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے۔ امام خامنہ ای + تصاویر

رہبر انقلاب اسلامی نے مقاومتی تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ "زیاد النَّخالہ" سے بات چیت کرتے ہوئے فرمایا: غزہ اور فلسطین کے عوام کی عظمت اور استقامت اور چھ ماہ کی اس جنگ میں صہیونی ریاست کی مسلسل شکست ایک الٰہی واقعہ اور [نصرتِ] الٰہی مظہر ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای (دام ظلہ العالی) نے تہران کے دورے پر آنے والے تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر زیاد النَّخالہ سے بات چیت کرتے ہوئے مقاومت کے مجاہدین اور غزہ کے مظلوم مگر بہادر عوام کے میدان جنگ میں اب تک فاتح قرار دیا اور فرمایا: غزہ اور فلسطین کے عوام کی عظمت اور استقامت اور چھ ماہ کی اس جنگ میں صہیونی ریاست کی مسلسل شکست، ایک الٰہی واقعہ اور [نصرتِ] الٰہی مظہر ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ کے عوام کے قتل عام اور صہیونی ریاست کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: یہ جو آج صہیونی ریاست اپنے تمام تر فوجی نفری اور جنگی وسائل، اور دنیا کی ظالم حکومتوں کی پشت پناہی، فلسطینی خواتین اور بچوں کا قتل عام کر رہی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غاصب ریاست مقاومت کے مجاہدین سے لڑنے اور انہیں شکست دینے سے عاجز ہے۔

امام خامنہ ای (دام ظلہ العالی) نے جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل سے مخاطب ہو کر فرمایا: "آپ اللہ کے فضل سے غزہ کے عوام کی حتمی فتح کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے"۔

اس موقع پر سیکریٹری جنرل تحریک جہاد اسلامی فلسطین ڈاکٹر زیاد النَّخالہ نے فلسطینی کاز کے تئیں اسلامی جمہوریہ اسلامی ایران کی حمایت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہید جنرل الحاج قاسم سلیمانی کو خراج عقید پیش کیا اور کہا: جو کچھ آج غزہ میں ہو رہا ہے، درحقیقت واقعۂ کربلا کا اعادہ ہے، اور غزہ کے عوام تمام تر مشکلات، مسائل اور سازشوں کے باوجود، مقاومت کے مجاہدین کے ساتھ مل کر، اپنی بے مثال استقامت سے، مقاومت کی نابودی کے لئے تیار کردہ امریکہ، صہیونیت اور ان کے حامیوں کی سازش کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انھوں نے حماس اور جہاد اسلامی سمیت مقاومت کی افواج کی مکمل باہمی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا: غزہ کے عوام اور مقاومت کے مجاہدین حتمی فتح تک استقامت جاری رکھنے کے لئے پر عزم ہیں اور ان شاء اللہ حتمی کامیابی عنقریب حاصل ہو کر رہے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: فرحت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110