اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
اتوار

24 مارچ 2024

9:08:25 PM
1446573

جنگ غزہ پر بین الاقوامی برادری کا رد عمل شرمندگی کا باعث ہے۔۔۔ شیخ الازہر

شیخ الازہر نے جنگ غزہ پر بین الاقوامی برادری کا رد عمل "مایوس کن اور باعث شرمندگی" قرار دیا اور اشارتاً اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے کہا: غزہ کے سلسلے میں مغربی عوام کی کارکردگی بین الاقوامی برادری کے رد عمل سے کہیں بہتر تھی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، مصر کے جامعۃ الازہر کے سربراہ شیخ احمد الطیب کل اتوار [24 مارچ 2024ع‍] کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس اور ان کی سربراہی میں مصر کے دورے پر آنے والے وفد، کے میزبان تھے، اور فریقین نے اس موقع پر غزہ کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

الطیب نے گوٹیرس کی طرف سے غزہ کے عوام کی مبینہ حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا: دنیا غلط راستے پر چل نکلی ہے اور کسی بھی انسانی قاعدے یا اخلاقی ضابطے کی پیروی نہیں کر رہی ہے۔ اگر صورت حال اسی ڈھنگ پر جاری رہے تو ہمیں جرائم، تباہ کاریوں، جنگ اور تشدد کے سوا کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ یہ مسائل اور جنگ و تشدد کی یہ لہر مغرب اور امریکہ سمیت پوری دنیا تک پہنچے گی، غزہ کے واقعات ان تمام کوششوں پر پانی پھیر دے گا جو ہم کئی برسوں سے مغرب و مشرق کے درمیان رابطوں اور قربتوں کو بڑھانے کے لئے عمل میں لاتے رہے ہیں۔

شیخ الازہر نے غزہ کے معاملے میں بین الاقوامی برادری کا رد عمل "مایوس کن اور باعث شرمندگی" ہے، اور اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں اور سلامتی کونسل کی ناقص کارکردگی کے برعکس، مغرب اور امریکہ کے عوام نے غزہ کی جنگ کے سلسلے میں بہتر اور منصفانہ کارکردگی کا ثبوت دیا اور جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوٹیرس نے اس موقع پر کہا: "غزہ میں انسانی المیہ ناقابل انکار ہے"۔

انھوں نے غزہ کے عوام کی ناگفتہ بہ صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "ہم کل ناشتہ کر رہے تھے اور یہ انتہائی غم انگیز ہے کہ ہمیں معلوم ہؤا کہ "غزہ کے اکثر عوام صبح کو مناسب ناشتہ نہیں کرتے"۔

حالیہ چند ہفتوں میں مغرب کے سینیر حکام نے غزہ کے عوام کی حالت پر صرف تشویش ظاہر کرنے پر اکتفا کیا ہے اور غزہ پر مسلط کردہ جنگ کے خاتمے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے [بھی وہی رویہ اپناتے ہوئے] غزہ میں قید اسرائیلی قیدیوں کی غیر مشروط رہائی پر زور دیا اور کہا: "سات اکتوبر 2023ع‍ کے فلسطینی حملوں اور فلسطینی عوام کی اجتماعی سزا کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انھوں نے غزہ کے عوام کے لئے امداد کی ترسیل کے مختلف منصوبوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "غزہ کو امدادی سامان کی ترسیل کا واحد راستہ زمینی راستہ ہی ہے"۔

گوٹیرس نے کہا: بعض مغربی ممالک اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے "انروا (UNRWA) کی سرگرمیوں میں روڑے اٹکا رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ انروا کی حمایت کی ضمانت فراہم کریں۔

انھوں نے کہا: غزہ میں انروا کے بہت سارے کارکن مارے گئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110