اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
منگل

12 مارچ 2024

5:46:03 PM
1443936

رمضان المبارک کے 31 دروس؛

ماہ مبارک رمضان کا پہلا روزہ پہلا درس: روزہ داری

امام جعفر صادق (علیہ السلام) نے فرمایا: جب روزہ رکھو تو تمہارے کانوں، آنکھوں اور بالوں کا بھی روزہ ہونا چاہئے؛ اور امام نے ان کے علاوہ بھی کئی چیزوں کو گنوایا اور فرمایا: تمہارے روزے کا دن اس دن جیسا نہیں ہونا چاہئے، جس دن تم روزہ نہیں رکھتے ہو۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ 

پہلا درس

روزہ داری

 

روزہ داری کا ثواب

خدائے متعال نے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی امت کے روزہ داروں کے لئے متعدد پاداشوں کو مد نظر رکھا ہے۔ آپ نے فرمایا:

"أُعْطِيَتْ أُمَّتِي فِي شَهْرِ رَمَضَانَ خَمْساً لَمْ يُعْطَهُنَّ أُمَّةُ نَبِيٍّ قَبْلِي أَمَّا وَاحِدَةٌ فَإِذَا كَانَ أَوَّلُ لَيْلَةٍ مِنْ شَهْرِ رَمَضَانَ نَظَرَ اَللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ إِلَيْهِمْ وَمَنْ نَظَرَ اَللَّهُ إِلَيْهِ لَمْ يُعَذِّبْهُ أَبَداً وَأَمَّا اَلثَّانِيَةُ فَإِنَّ خَلُوفَ أَفْوَاهِهِمْ حِينَ يُمْسُونَ عِنْدَ اَللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ أَطْيَبُ مِنْ رِيحِ اَلْمِسْكِ وَأَمَّا اَلثَّالِثَةُ فَإِنَّ اَلْمَلاَئِكَةَ يَسْتَغْفِرُونَ لَهُمْ فِي لَيْلِهِمْ وَنَهَارِهِمْ وَأَمَّا اَلرَّابِعَةُ فَإِنَّ اَللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ يَأْمُرُ جَنَّتَهُ أَنِ اِسْتَغْفِرِي وَتَزَيَّنِي لِعِبَادِي فَيُوشِكُ أَنْ يَذْهَبَ عَنْهُمْ نَصَبُ اَلدُّنْيَا وَأَذَاهَا وَيَصِيرُوا إِلَى جَنَّتِي وَكَرَامَتِي وَأَمَّا اَلْخَامِسَةُ فَإِذَا كَانَ آخِرُ لَيْلَةٍ غَفَرَ لَهُمْ جَمِيعاً فَقَالَ رَجُلٌ فِي لَيْلَةِ اَلْقَدْرِ يَا رَسُولَ اَللَّهِ فَقَالَ أَ لَمْ تَرَ إِلَى اَلْعُمَّالِ إِذَا فَرَغُوا مِنْ أَعْمَالِهِمْ وُفُّوا؛ (1)

میری امت کو رمضان میں پانچ چیزیں عطا ہوئی ہیں جو مجھ سے پہلے کسی پیغمبر کی امت کو عطا نہیں ہوئیں:

1۔ ہرگاہ یکم رمضان کی شب آن پہنچے، خدائے بزرگ و برتر ان کی طرف نظر کرتا ہے اور خدا جس پر نظر کرے، خدا اسے عذاب سے دوچار نہیں کرتا؛

2۔ [روزے کے دوران] ان کے منہ کی بگڑی ہوئی بو، غروب آفتاب کے وقت خدا کے ہاں مُشک سے بھی زیادہ معطر ہوجاتی ہے؛

3۔ ملائکہ روز و شب کے اوقات میں ان کے لئے استغفار کرتے ہیں۔

4۔ یقیناً خدائے بلند مرتبہ، اپنی جنت کو حکم دیتا ہے کہ "میرے بندوں کے لئے استغفار کرو اور اپنے آپ کو ان کے لئے مزیّن کرو، تو قریب ہے کہ دنیا کی دشواریاں اور اذیتیں ان سے دور ہوجائیں؛ اور وہ میری جنت اور کرامت کی طرف چلے جائیں۔

5۔ ہرگاہ ماہ رمضان کی آخری رات آن پہنچے، خدائے عزّ وجلّ ان سب کو بخش دیتا ہے۔

ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! کیا شب قدر میں ایسا ہوتا ہے؟ فرمایا: [نہیں] کیا تم نے نہیں مزدوروں کو نہیں دیکھا ہے کہ جب کام سے فارغ ہوتے ہیں تو ان کی اجرت اسی وقت دی جاتی ہے؟"۔

صحیح روزہ داری کی شرط

رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) نے فرمایا:

"رُبَّ صَائِمٍ حَظُّهُ مِنْ صِيَامِهِ الْجُوعُ وَالْعَطَشُ وَرُبَّ قَائِمٍ حَظُّهُ مِنْ قِيَامِهِ السَّهَرُ؛ (2)

کتنے روزہ دار ایسے ہیں جن کو روزہ داری سے صرف بھوک اور پیاس ملتی ہے اور کتنے ہیں قائم [نمازی] جنہیں ان کے قیام سے صرف تھکاوٹ ملتی ہے"۔

امام جعفر صادق (علیہ السلام) نے فرمایا:

"إِذَا صُمْتَ فَلْيَصُمْ سَمْعُكَ وَبَصَرُكَ وَشَعْرُكَ وَجِلْدُكَ وَعَدَّدَ أَشْيَاءً غَيْرَ هَذَا وَقَالَ لَا يَكُونُ يَوْمُ صَوْمِكَ كَيَوْمِ فِطْرِكَ؛ (3)

جب روزہ رکھو تو تمہارے کانوں، آنکھوں اور بالوں کا بھی روزہ ہونا چاہئے؛ اور امام نے ان کے علاوہ بھی کئی چیزوں کو گنوایا اور فرمایا: تمہارے روزے کا دن اس دن جیسا نہیں ہونا چاہئے، جس دن تم روزہ نہیں رکھتے ہو"۔

رمضان مقابلے کا میدان

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ امام حسن مجتبی (علیہ السلام) ماہ مبارک رمضان کے آخری ایام میں لوگوں کی ایک جماعت سے گذرے، جو ہنسی مزاح میں مصروف تھے۔ آپ نے رنجیدگی کے ساتھ ان سے مخاطب ہو کر فرمایا:" "اللہ نے ماہ رمضان کو بندوں کے لئے مقابلے کا میدان قرار دیا ہے، کچھ لوگ اس مقابلے میں آگے نکل کر جیت جاتے ہیں اور کچھ لوگ پیچھے رہ جاتے ہیں اور ان کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ عجیب ہے کہ جس دن آگے نکلنے والے کامیاب ہوچکے اور پیچھے رہنے والے گھاٹا اٹھائے ہوئے ہیں، کچھ لوگ ہنسی اور مذاق میں مصروف ہیں۔ خدا کی قسم اگر پردے اٹھ جائیں، تو آج [اس دنیا میں] نیکوکار لوگ اپنے لئے اجر و ثواب کمانے میں مصروف ہیں اور پیچھے رہ کر ہارنے والے اپنی بدیوں میں ہاتھ پیر مار رہے ہیں؛ چنانچہ کسی کے پاس بھی ہنسی مذاق کی نہ فرصت ہے نہ ہی مہلت۔ (4)

*****

پہلا چراغ

امیرالمؤمنین (علیہ السلام) نے فرمایا:

"إِذَا قَدَرْتَ عَلَى عَدُوِّكَ فَاجْعَلِ الْعَفْوَ عَنْهُ شُكْراً لِلْقُدْرَةِ عَلَيْهِ؛

جب اپنے دشمن پر غلبہ پاؤ تو اس سے درگذر کرو اور اس عفو و درگذر کو اس پر غلبے کا شکرانہ قرار دو"۔ (5)

*****

ماہ مبارک رمضان کے پہلے روز کی دعا

بسم الله الرحمن الرحیم

اللّٰهُمَّ اجْعَلْ صِيامِى فِيهِ صِيامَ الصَّائِمِينَ، وَقِيامِى فِيهِ قِيامَ الْقائِمِينَ، وَنَبِّهْنِى فِيهِ عَنْ نَوْمَةِ الْغافِلِينَ، وَهَبْ لِى جُرْمِى فِيهِ يَا إِلٰهَ الْعالَمِينَ، وَاعْفُ عَنِّى يَا عافِياً عَنِ الْمُجْرِمِينَ.

اے میرے معبود! اس مہینے میں میرے روزے کو، روزہ داروں کا روزہ قرار دے، اور میری شب بیداری کو شب بیداروں کی شب بیداری قرار دے، اور غافلوں اور بے خبروں کی نیند سے بیدار کر دے، اور اس میں میرے گناہوں کو بخش دے اے تمام جہانوں کے معبود، اے گنہگاروں کے گناہوں سے درگذر کرنے والے۔

*****


1۔ شیخ صدوق، خصال، ص317-318؛ علامہ مجلسی، بحار الانوار، ج96، ص367۔

2۔ شیخ طوسی، الأمالى ، ص166 و 277۔

3۔ علامہ کلینی، اصول کافی، ج4، ص87؛ شیخ طوسی، التهذیب، ج4، ص194۔

4۔ شیخ صدوق، من لایحضره الفقیه، ج2، ص174۔

5۔ نہج البلاغہ، حکمت نمبر 10۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترتیب و ترجمہ: فرحت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110