اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
ہفتہ

27 جنوری 2024

11:26:38 PM
1432979

ایران-پاکستان تعلقات؛

ایران اور پاکستان کی سرحد ہر قسم کی بدامنی سے محفوظ ہونا چاہئے۔۔۔ صدر رئیسی

صدر اسلامی جمہوریہ ایران، آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے پاکستانی سفیر سے اسناد تقرری وصول کرنے کی تقریب میں، کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کی رائے یہ ہے کہ سرحدیں باہمی اقتصادی تبادلوں اور پڑوسیوں کی سلامتی کو ترقی دینے کا مناسب ذریعہ ہیں، ہمیں سرحدوں کو بدامنی کے ہر قسم کو عوامل سے محفوظ رکھنا چاہئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے ہفتہ [مورخہ 27 جنوری 2024ع‍] کی شام کو ایک تقریب میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو کی اسناد تقرری کی وصولی کی تقریب کے موقع پر کہا: ایران اور پاکستان کے درمیان انمٹ باہمی رشتے ہیں، اور ان دو ملکوں کے تعلقات کی جڑیں دین اسلام اور مشترکہ ثقافت و تہذیب میں پیوست ہیں.

انھوں نے ایران کی عوامی حکومت کی پڑوسیوں کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کی پالیسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کی رائے کے مطابق، سرحدیں اقتصادی تبادلوں اور پڑوسیوں کی سلامتی کے استحکام کا ذریعہ ہیں اور بدامنی کے ہر عامل کے مقابلے میں سرحدوں کی حفاظت کا اہتمام کرنا چاہئے۔

صدر رئیسی نے پاکستان کی سلامتی کو ایران کی سلامتی قرار دیا اور حالیہ برسوں میں، خطے ـ بالخصوص عراق اور شام ـ میں، امریکہ کے زیر سرپستی دہشت گرد ٹولوں کی انتہائی تباہ کن سرگرمیاں اور اجنبی قوتوں کی یہ پراکسی دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں پورے خطے کے ممالک کے لئے خطرناک گردانا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے علاقائی تعاون کا خیر مقدم کیا۔

صدر رئیسی نےاسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کی مشترکہ سرحدوں کو دوطرفہ تعمیر و ترقی کے لئے مناسب ذریعہ قرار دیا اور دو طرفہ تعلقات کے اور تجارتی اقتصادی تعاون کے فروغ کے سلسلے میں دو ملکوں کو اعلیٰ حکام کے عزم راسخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دہشت گردی، منشیات اور منظم جرائم سے نمٹنے کے حوالے سے مشترکہ پروگراموں اور منصوبوں پر عمل درآمد پر زور دیا۔ 

صدر نے دو ملکوں کے درمیان تعلقات کے خلاف [مسموم اور منفی] ماحول پیدا کرنے کی سازشوں سے سنجیدگی کے ساتھ نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں پاکستان کے نئے سفیر کی کوششوں سے دو ملکوں کے مابین ہمہ جہات تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں مؤثر قدم اٹھائے جائیں گے۔

پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے اس تقریب میں، دو ملکوں کے درمیان تعلقات کے انتظام و انصرام کے سلسلے ڈآکٹر رئیسی کی مؤثر اور متاثر کن تدبیر کو خراج تحسین پیش کیا اور خطے کے ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کے حوالے سے صدر کے مربوط روڈ میپ کا خیر مقدم کیا۔  

نیز پاکستانی سفیر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو تقویت پہنچانے کے سلسلے میں اپنے ملک کے اعلیٰ ذمہ دار حکام کے عزم و ارادے کی طرف اشارہ کیا اور کہا: پاکستان کسی صورت میں دشمنوں کو ان دو ممالک کی سرحد سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دے گا۔

انھوں نے مزید کہا: ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور تزویراتی تعلقات کو نقصان پہنچانے کی غرض سے ہونے والی دشمنوں اور بدخواہوں کی سازشوں کے باوجود، پاکستان دو طرفہ برادرانہ تعلقات میں نیا باب کھولنے کے لئے پر عزم ہے اور پاکستانی حکام اپنے آپ کو سرحدی علاقوں کے تحفظ اور ان علاقوں میں کسی بھی قسم کی بدامنی سے نمٹنے کا پابند سمجھتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110