اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
اتوار

22 اکتوبر 2023

6:21:26 PM
1404027

سیکریٹری جنرل کادورہ برونڈی؛

اسلام ایک جامع دین ہے جو انفرادی اور اجتماعی پہلوؤں پر مشتمل ہے ۔۔۔ آیت اللہ رمضانی

سیکریٹری جنرل عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی نے کہا: جامعیت پر مبنی ایک اسلامی نکتہ نظر یہ ہے کہ دین کی جامعیت کا ایک نقطۂ نگاہ یہ ہے کہ اہل بیت (علیہم السلام) ہمیں خلوت کی طرف بھی بلاتے ہیں، جلوت اور جمعیت کی طرف بھی؛ ہمیں تہجد اور شب بیداری کو بھی توجہ دینا چاہئے، معاشرے میں بھی حاضر رہنا چاہئے۔ نیز فرض شناسی کی جہتیں بھی محض فردی نہیں ہیں، بلکہ اس کی فردی اور معاشرتی جہتیں ساتھ ساتھ ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق، سیکریٹری جنرل عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی آیت اللہ رضا رمضانی، جو شیعیان اہل بیت(ع) اور دوسرے مسلم مکاتب کی دعوت پر افریقی ملک برونڈی کے دورے پر ہیں، نے اس ملک کے بعض سنی راہنماؤں سے بات چیت کی ہے۔

آیت اللہ رمضانی نے اس موقع پر اہل سنت برادران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: دین کے حوالے سے ہماری نگاہ کو جامع ہونا چاہئے؛ خاندان رسالت ہمیں ظاہر اور باطن دونوں کی طرف بلاتا ہے۔ ائمۂ معصومین (علیہم السلام) کے کلام میں تفصیلی عرفانی جہتیں پائی جاتی ہیں، مثال کے طور پر دعائے عرفہ عرفانی مفاہم سے مالامال ہے۔

انھوں نے دعائے عرفہ کے عرفانی پہلوؤں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: دعائے عرفہ کا جملہ یہ ہے کہ "جو آنکھ تجھ [خدا] کو نہ دیکھے وہ آنکھ اندھی ہے، اور تیرے سوا کوئی بھی ہمیں تیری پہچان نہیں کرا سکتا"۔ دین کی جامعیت کا ایک نقطۂ نگاہ یہ ہے کہ اہل بیت (علیہم السلام) ہمیں خلوت کی طرف بھی بلاتے ہیں، جلوت اور جمعیت کی طرف بھی؛ ہمیں تہجد اور شب بیداری کو بھی توجہ دینا چاہئے، معاشرے میں بھی حاضر رہنا چاہئے۔ نیز فرض شناسی کی جہتیں بھی محض فردی نہیں ہیں، بلکہ اس کی فردی اور معاشرتی جہتیں ساتھ ساتھ ہیں۔

سیکریٹری جنرل عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی نے مزید کہا: اہل بیت(ع) ہمیں باطن کی طرف دعوت دیتے ہیں چنانچہ فرماتے ہیں، قرآن ظاہر کے علاوہ کئی باطنوں کا حامل بھی ہے، سات بطنوں تک، بلکہ ستر بطنوں تک۔ بدقسمتی سے کچھ مسلمان ظاہر پرست ہیں، ممکن ہے کہ کوئی نماز بھی ادا کرے، بہت زیادہ نماز پڑھے، اور بہت زیادہ ذکر بھی کرے، لیکن نماز اور ذکر کی فہم سے محروم ہو۔

انھوں نے کہا: اگر کوئی اسلام کے باطن سے محروم ہو، وہ اسلام کی روح سے محروم ہے، البتہ ہمارا ایمان ہے کہ ائمۂ معصومین (علیہم السلام) ظاہر کے بھی امام ہیں اور باطن کے بھی امام ہیں، چنانچہ وہ ہمیں انفرادی اور اجتماعی عبادات کی دعوت دے رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110