اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
ہفتہ

21 جنوری 2023

2:11:41 PM
1339942

تہران میں بااثر خواتین کی عالمی کانگریس، صدر ابراہیم رئیسی کا خطاب

افتتاحی تقریب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئسی نے گفتگو کی۔ انکا کہنا تھا کہ انسانی کمال تک پہنچنے میں مرد اور عورت میں کوئی فرق نہیں ہے اور جو اس سمت میں زیادہ کوشش کرے گا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں بااثر خواتین کی عالمی کانگریس جاری ہے۔ بین الاقوامی کانگریس میں چین، آسٹریلیا، سری لنکا، تھائی لینڈ، پاکستان، کیمرون، سربیا، آرمینیا، سویڈن، بلغاریہ، جنوبی افریقہ، شام، لبنان اور روس سے تعلق رکھنے والی تین سو خواتین موجود ہیں۔ کانگریس میں شریک خواتین میں ستر خواتین مختلف ممالک کے اعلی سرکاری عہدوں پر فائز خواتین بھی شامل ہیں۔ کانگریس کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی اہلیہ جمیلہ علم الہدی، آرمینیا، برکینافاسو، عراق، کرغزستان، سربیا، گنی، نائیجیریا اور سری لنکا کے وزرائے اعظم کی بیگمات کے علاوہ ترکمانستان کی خواتین کی مرکزی کونسل کی سربراہ اور شام کے صدر کے خصوصی ایلچی شریک ہیں۔ تہران مینں منعقد ہونیوالی بااثر خواتین کی عالمی کانفرنس میں ثقافتی اور علمی، معروف شخصیات، خواتین اور مختلف ممالک کی حکومتوں میں شامل وزراء اور حکومتوں کے سربراہاں کی بیگمات کی الگ الگ نشستیں ہو رہی ہیں۔

افتتاحی تقریب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئسی نے گفتگو کی۔ انکا کہنا تھا کہ انسانی کمال تک پہنچنے میں مرد اور عورت میں کوئی فرق نہیں ہے اور جو اس سمت میں زیادہ کوشش کرے گا وہ اخلاق، روحانیت اور انسانیت کی بلندیوں پر پہنچنے میں کامیاب رہے گا، ہمیں کوئی اہم تاریخی واقعہ نظر نہیں آتا جس میں خواتین نے اہم کردار ادا نہ کیا ہو، عورت کی صحیح تعریف یہ ہے کہ مرد اور عورت دونوں ہی انسان ہیں اور صرف مرد ہی عورتوں پر اثرانداز نہیں ہوتے بلکہ عورتیں بھی مردوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ انہوں نے معاشرے میں خواتین کے کردار کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے معاشرے میں خواتین کے کردار کو ادا نہ کرنے کی سوچ اور دوسری طرف مغربی معاشرے میں خواتین کو شوپیس بنا کر پیش کرنے سمیت نظریات کو قابل مذمت قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مختلف ممالک سے اجلاس میں شریک ہونیوالی خواتین مشترکہ سوچ اور ہم آہنگی کے ساتھ دنیا میں خواتین کے حقوق کی بالادستی کی جانب قدم بڑھائیں گی۔ بااثر خواتین کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ اس کانگریس میں شریک خواتین، عورتوں کے حقوق اور معاشرے میں ان کے کردار کی اہمیت کے حوالے سے اسلامی انقلاب کے بعد کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے، اجلاس کو نتیجہ خیز بنائیں گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242