اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
منگل

25 اکتوبر 2022

10:30:57 AM
1316992

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے احتجاجا ً اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

پاکستان کے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کو استعفے سے متعلق مطلع کر دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کو استعفے سے متعلق مطلع کر دیا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ وہ جونئیر ججز کی تعیناتی کے حق میں نہیں تھے اس لئے بطور وزیر قانون ووٹ دیا۔ یہ اتحادی حکومت کا فیصلہ تھا جو انہوں نے تسلیم کیا۔

استعفیٰ کی اطلاع وزیراعظم کو دینے اور صدر مملکت کو استعفی بھیجنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں ذاتی طور پر نہیں بلکہ بطور وفاقی وزیر ووٹ دیا اور یہی استعفیٰ کی اصل وجہ ہے۔ ان ججز کی تعیناتیوں کیخلاف تھے لیکن حکومتی پالیسی پر مجبوراً عمل کرنا پڑا۔

اعظم نذیر تارڑ نے صدر پاکستان کو ہاتھ سے لکھا ہوا استعفیٰ بھیجا جس میں انھوں نے روایتی الفاظ لکھے کہ استعفی ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا استعفیٰ باضابطہ طور پر حکومت کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز انھوں نے جوڈیشل کمیشن کے اہم اجلاس میں بھی شرکت کی تھی جس میں ان پر دباؤ تھا کہ وہ بطور وفاقی وزیر اجلاس میں شریک ہوں اور حکومتی پالیسی کے مطابق ووٹ دیں۔

اس کے برعکس حکومتی ذرائع دعویٰ کر رہے تھے کہ اتوار کے روز عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی موجودگی میں ریاستی اداروں کیخلاف نعرے بازی انکے استعفی کی وجہ بنی۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں شرکاء کے ایک مختصر گروہ کی طرف سے ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی پر دکھ اور افسوس ہوا ہے۔ جذباتی نعرہ بازی کرنے والے حکومتی اقدامات اور اداروں کی کوششوں اور قربانیوں کو بھی بھول گئے۔ ہم سب ایک مضبوط پاکستان کے خواہاں ہیں۔

بہر حال مبصرین کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے استعفی دباو میں آ کر دیا ہے اور یہ دباو عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں لگنے والے نعروں کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے اور ججز کی تعیناتی کے مسئلے کا بھی نتیجہ ہو سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲