اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
ہفتہ

24 ستمبر 2022

6:19:09 PM
1307881

ٹرانسجینڈر ایکٹ کے نام پر ملک میں بے راہ روی کے فروغ کی اجازت نہیں دی جائے گی: لیاقب بلوچ

ملی یکجہتی کونسل ایکٹ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسجینڈر کے لیے بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

فاران: ٹرانسجینڈر کے نام پر معاشرے میں فحاشی کو پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، اسی طرح ٹرانسجینڈر کے انسانی و آئینی حقوق کا دفاع بھی کیا جائےگا ۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کونسل کے ایک اہم مشاورتی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ سینیٹ کی کمیٹی نے اس قانون کے حوالے سے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی ترامیم کو مسترد کر کے اس قانون کے حوالے سے اپنی نیت کے بارے میں شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے ۔ ملک کی دینی و مذہبی جماعتیں ٹرانسجینڈرر شہریوں کے حقوق کے خلاف نہیں بلکہ ٹرانسجینڈر کے تعین کے طریقہ کار نیز اس ایکٹ کو پاس کرنے کے عمل کے حوالے سے ہمیں تحفظات ہیں ۔ میڈیکل بورڈ کا قیام اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل ہی اس مسئلے کا حل ہے ۔

 لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئندہ جمعہ ائمہ مساجد اس مسئلے کے مضمرات کے حوالے سے خطاب کریں اور اس ایکٹ میں موجود خامیوں کی نشاندہی کریں ۔ جناب ثاقب اکبر نے کہا کہ اس سلسلے میں جلد ہی ایک وفد اسلامی نظریاتی کونسل سے بھی ملاقات کرے گا ۔ کونسل کے اس مشاورتی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سید ناصر شیرازی نے کہا کہ ہماری حکومتوں کا یہ رویہ رہا ہے کہ آئی ایم ایف کی سفارشات پر مبنی ایکٹ ضروری کارروائی کے بغیر ہی منظور کر لیے جاتے ہیں ۔دیگر قائدین کا اس امر پر اتفاق تھا کہ ہم ٹرانسجینڈر کے حقوق کے خلاف نہیں ہیں لیکن یہ کہنا کہ کوئی بھی شخص نادرہ کے پاس جا کر اپنی جنس تبدیل کر سکتا ہے درست نہیں ہے ، اس کے لیے درست طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس سے قبل جماعت اسلامی کے مرکزی راہنما سیف اللہ گوندل ایڈووکیٹ نے ایکٹ کا مکمل پراسیس اور اس کے حوالے سے سینیٹر مشتاق احمد کے ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے کونسل کے قائدین کو بریفنگ دی ۔ اس اجلاس میں کونسل کے تنظیمی امور ، ماہ ربیع الاول کے پروگرام اور مرکزی کونسل کے اجلاس جیسے امور بھی زیر غور آئے ۔

 اس اجلاس میں درج بالا قائدین کے علاوہ اسلامی تحریک کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی ، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی ، ھدیہ الہادی پاکستان کے صدر مفتی معرفت شاہ ، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری طاہر رشید تنولی ، تنظیم اسلامی کے نائب ناظم اعلی راجہ محمد اصغر، ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے راہنما سید نثار علی ترمذی ، صدر ملی یکجہتی کونسل شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ، جماعت اہل حدیث کے ناظم اعلی اسلام آباد سہیل انجم چوہان اور کونسل کے رابطہ سیکریٹری سید اسد عباس نے شرکت کی ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242