اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
پیر

9 مئی 2022

6:02:31 PM
1256136

جنت البقیع کی مسماری کا سعودی اقدام امت مسلمہ کے دل پر کاری ضرب ہے،علامہ باقر عباس زیدی

آل سعود نے اہلبیت اطہار علیہم السلام، ازواج رسول ص اور صحابہ کرام کی قبروں کو مسمار کر کے صیہونیوں کے اسلام دشمن ایجنڈے کو تقویت دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 8 شوال عالم اسلام کے لیے یوم سوگ ہے۔ آل سعود نے اہلبیت اطہار علیہم السلام، ازواج رسول ص اور صحابہ کرام کی قبروں کو مسمار کر کے صیہونیوں کے اسلام دشمن ایجنڈے کو تقویت دی ہے۔ حجاز مقدس کی پاک سرزمین پر آل سعود کا وجود ایک ناقابل برداشت بوجھ ہے۔ان خائن حکمرانوں نے اسلام کی طاقت کو مضبوط کرنے کی بجائے ہمیشہ یہود ونصاریٰ کی نصرت کی۔ جو حکمران فلسطین و یمن کے مظلوم مسلمانوں کے مخالف اور اسرائیل و امریکہ جسیے اسلام دشمنوں کے حامی ہوں وہ مسلمان کہلانے کے کیسے مستحق ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا سعودی حکمرانوں نے شدت پسندی کا راستہ ترک کر کے لبرل ازم کی راہ کا انتخاب کر لیا ہے۔ میوزک کنسرٹس، جوئے خانوں اور مخلوط رنگین محفلوں کی کھلم کھلا آزادی دی جا چکی ہے۔دین کے نام پر نبی زادی کا روضہ زمین بوس کرنے والوں کا سماجی اعتبار سے عمل و کردار تبدیل ہو چکا ہے۔جنت البقیع کی ازسر نو تعمیر پر سعودی حکومت کی طرف سے انکار کا کوئی اخلاقی جواز اب باقی نہیں بچا۔عالم اسلام پر حکمرانی کے خواب دیکھنے والے اپنے عالیشان محلوں میں مقید ہو کر رہے گئے ہیں۔اپنے اجداد کی اشیائ کو تبرکات کا درجہ دے کر عجائب گھروں میں سجانے اور جنت البقیع کے مزارات کو شرک کے نام پر ملیامیٹ کرنے والوں کا عبرتناک انجام قریب پہنچ چکا ہے۔سعودی حکومت فوری طور جنت البقیع کی سابق حیثیت و ہیئت بحال کرنے کے لیے اقدامات کا اعلان کرے۔انہوں نے امت مسلمہ ،مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ جنت البقیع کی تعمیر کے لیے سعودی حکومت پر زور دے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242