31 مئی 2019 - 14:50
روزے داروں کی پکار"القدس لنا"

آج رمضان المبارک کے با برکت مہینے کا آخری جمعہ ہے جسے جمعۃ الوداع کہا جاتا ہے اور بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے فلسطینیوں سے یکجہتی اور عالمی خونخوار اسرائیل سے اظہار نفرت و بیزاری کیلئے اس دن کو عالمی یوم القدس کا نام دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مسلمان عوام نے عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں بہت بڑے پیمانے پر شرکت کر کے فلسطینی عوام سے اپنی ختم نہ ہونے والی حمایت اور بیت المقدس کی غاصب حکومت اور صیہونیوں کے تئیں اپنی شدید نفرت و بیزاری کا اعلان کیا۔

ایرانی عوام نے ملک کے ساڑھے نو سو شہروں میں نکالی گئیں عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں کروڑوں کی تعداد میں شرکت کر کے صیہونیوں، عالمی سامراج اور سینچری ڈیل کے خلاف اپنی نفرت و بیزاری کا پوری قوت کے ساتھ اظہار کیا-

اس سال عالمی یوم قدس کی ملک گیر ریلیوں کا نعرہ سینچری ڈیل کی ناکامی تھا اور سبھی ریلیاں اپنے اپنے مقررہ راستوں سے گذر کر نماز جمعہ کے اجتماعات کے مقامات پر اختتام پذیر ہوئیں-

ریلیوں کے شرکا نے گذشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد، آل سعود مردہ باد اور علاقے کے غدارو: مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے-

ایران کی فضا گھنٹوں فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے حق کے نعروں سے گونجتی رہی- عالمی یوم قدس کی ریلیوں کے شرکا نے امریکا کو دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد قرار دیا-

ان ریلیوں کو پورے ایران میں چار ہزار نامہ نگاروں اورصحافیوں نے کور کیا جن میں دو سو پچاس غیر ملکی رپورٹر اور میڈیا کے نمائندے شامل تھے-

ریلیوں کے اختتام پر شرکا نے ایک قرارداد پاس کر کے بیت المقدس کی آزادی، غاصب صیہونیوں کے چنگل سے فلسطین کے مظلوم اور نہتے عوام کی نجات اور اسرائیلی حکومت کی نابودی کو عالم اسلام کی سب سے بڑی امنگ اور خواہش قرار دیا-

تہران میں نکالی گئی عالمی قدس کی عظیم الشان ریلی کے شرکا نے اس قرارداد میں کہا کہ وہ استقامتی محاذ کے لئے اپنی ہمہ جانبہ حمایت اور اسلامی ملکوں کے خلاف امریکی صدر کے ناپاک منصوبوں اور عزائم کا مقابلہ پوری طاقت کے ساتھ کرتے رہیں گے-

ریلی کے شرکا نے سینچری ڈیل نامی سازش، غاصب، جعلی اور غیرقانونی صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو برقرار کرنے کی بعض رجعت پسند عرب حکومتوں کی شرمناک کوشش اور بحرینی دارالحکومت منامہ میں مجوزہ امریکی اور صیہونی اجلاس کی مذمت کی-

ریلیوں کے اختتام پر پاس کی گئی قراداد میں فلسطینیوں کے پرامن واپسی مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطین کی شناخت اور تاریخ کو ختم کر دینے کے لئے غزہ اور غرب اردن میں اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم اور نسل کشی کے مقابلے میں انسانی حقوق کے دعویدار اداروں کی شرمناک خاموشی مسلمانان عالم کے غیظ و غضب کا باعث بنی ہوئی ہے-

یوم قدس کی ریلیوں کے شرکا نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کا واحد راستہ انتفاضہ کو جاری رکھنا، عالمی سامراج کے مقابلے میں استقامت، اسرائیل کی نابودی تک ہر طرح کے ساز باز کے عمل کو مسترد کرنا، فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی اور ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کے لئے آزادانہ اور منصفانہ ریفرنڈم کا انعقاد ہے-

یوم قدس کی ریلیوں کے شرکا نے اپنی قرارداد میں امریکا کو انسانیت کا سب سے بڑا دشمن بتایا اور ایٹمی معاہدے سے علیحدگی، ایران کے خلاف دوبارہ پابندیاں عائد کرنے اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی-

.......

/169