9 اپریل 2019 - 18:12
 یوم ولادت حضرت امام حسینؑ کی مناسبت سے سرینگر حسن آباد میں پروقار تقریب

آغا حسن نے کہا کہ عالم تشیعت کی امام عالیمقامؑ کی ذات گرامی سے خصوصی وابستگی اور بے پناہ عشق کا راز بھی یہی ہے کہ امام حسینؑ نے دین و انسانیت کی سربلندی کیلئے تاریخ بشریت کی سب سے بڑی قربانی پیش کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/نواسہ رسولؐ سیدنا حضرت امام حسینؑ کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر کے زیر اہتمام قدیمی امام باڑہ حسن سرینگر میں ایک پروقار جشن میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں تنظیم سے منسلک حوزات اور شاخہائے مکاتب کے طلباء و طالبات کے علاوہ عاشقان محمد و آل محمد ؑ نے شرکت کی۔ تقریب سعید سے کئی مقتدر علمائے دین نے خطاب کیا اور حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام اور حوزہ علمیہ مکتب زہراؑ حسن آباد کے طلبا و طالبات نے امام عالیمقام ؑ کی بارگاہ میں گل ہائے عقیدت نچھاور کئے۔ تقریب سعید کی صدارت انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولوی توفیق حسین ملک نے انجام دئے۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری قمر علی صوفی نے حاصل ۔

تقریب سعید سے جن معزز علماء نے خطاب کیا ان میں حجۃ الاسلام آغاسید محمد حسین الموسوی،حجۃ الاسلام آغا سید محمد عقیل الموسوی،انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا مولوی خورشید احمد قانونگو،حجۃ الاسلام آغا سید عابد حسین الحسینی،حجۃ الاسلام آغا سید یوسف الموسوی،حجۃ الاسلام آغا سید عادل مرتضیٰ الموسوی،مولوی شیخ نثار حسین،حجۃ الاسلام آغا سید محمد صفوی،مولوی شیخ ذاکر حسین کرگلی، مولوی آغا سید مبشر کاظمی، مولوی شیخ غلام احمد،حجۃ الاسلام آغا سید عابد رضوی، مولوی سید حسین الموسوی شامل ہیں۔ مقررین نے حضرت امام حسینؑ کے کرداروعمل اور عظمت و فضائل کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے صدارتی خطاب میں امام عالیمقامؑ کی مقام و منزلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور سرور کائنات کو اللہ تعالیٰ کی ذات اقدس کے بعد جس شخصیت سے سب سے زیادہ محبت اور وابستگی رہی وہ سیدنا حضرت امام حسینؑ کی ذات مقدسہ ہے اور اس محبت کی بنیاد کوئی نصبی رشتہ نہیں بلکہ امام عالیمقام کی عظمت اور باطل شکن کردار و عمل ہے جس کردار و عمل نے دین اسلام کو ابدی حیات عطا کی۔

آغا حسن نے کہا کہ عالم تشیعت کی امام عالیمقامؑ کی ذات گرامی سے خصوصی وابستگی اور بے پناہ عشق کا راز بھی یہی ہے کہ امام حسینؑ نے دین و انسانیت کی سربلندی کیلئے تاریخ بشریت کی سب سے بڑی قربانی پیش کی اور امت مسلمہ کو خصوصی طور پر یہ درس دیا کہ دین وشریعت کی حفاظت کے معاملے میں وسائل کی کمی اور دشمن کی کثرت و قوت کو جواز بناکر خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی۔ اس موقعہ پر آغا حسن نے وادی کے معروف انگریزی روزنامے گریٹر کشمیرکے جموں دفتر کو دھمکانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو دھمکاکر حق اور حقائق کو چھپایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں آزادی اظہار پر قدغن کیلئے مختلف حربے بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ صحافیوں کی زبان بندی ایک قوم کی زبان بندی ہے۔ قومی شاہراہ کو دو دن سول ٹریفک کیلئے ہفتے میں بند رکھنے کے فیصلے کی ایک بار پھر نکتہ چینی کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ اس فیصلے سے ریاستی عوام کو گوناگوں مسائل سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ اگر قومی شاہراہ پر ٹریفک اسی شیڈول سے چلتا رہے گا توآنے والے دنوں میں عوامی پریشانیوں میں اور بھی اضافہ ہوتا رہے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

میں اور بھی اضافہ ہوتا رہے گا۔