اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے فوجی ٹریننگ سینٹر میں خود کش حملے میں 100 اہلکار ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے ہیں جب کہ جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے اور ایک نے خود کو دھماکے سے اُڑا دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان خفیہ ایجنسی کے ٹریننگ سینٹر پر طالبان نے حملہ کر کے 100 اہلکاروں کو قتل کر دیا ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے ہیں جب کہ چوتھے حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی مرکزی دروازے سے ٹکرا دی۔ بارود سے بھری گاڑی مرکزی دروازے سے ٹکرانے کے بعد حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہوئے، گھمسان کی لڑائی میں 100 افغان اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ 30 زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ کچھ زخمیوں کو کابل لے جایا گیا ہے۔ افغان فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں 3 طالبان جنگجوؤں کو مار دیا گیا جب کہ ایک نے بارودی کار دھماکے سے اُڑا دی۔ حملہ آوروں کی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ افغان طالبان نے فوجی بیس پر خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور گروپ نے فوجی بیس میں گھس کر افغان فوجیوں کو نشانہ بنایا اور بڑی مقدار میں نقصان پہنچایا ہے۔ گزشتہ روز صوبے لوگر میں گورنر اور خفیہ ایجنسی کے صوبائی صدر کے قافلے پر خود کش حملے میں 15 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169