اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے نئی گاج ڈیم تعمیر کیس میں وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر توانائی عمر ایوب کو منگل کے روز طلب کیا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے دو رکنی بینچ نے جمعے کے روز نئی گاج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کی، جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی سمیت دیگر فریقین پیش ہوئے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سی ڈی ڈبلیو پی کی میٹنگ میں ڈیم کی تعمیر کرنے کی سفارش ایکنک کو کر دی گئی ہے۔ بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیے کہ اس طرح تو یہ معاملہ ایکنک میں جاکر پھنس جائے گا۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ پیر تک سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس کے منٹس عدالت میں پیش کیے جائیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے خواہش تھی کہ میرے ہوتے ہوئے معاملہ حل ہو جاتا مگر بعض خواہشیں خواہشیں رہ جاتی ہیں۔ بینچ کے رکن جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ آپ کا ابھی ایک ہفتہ باقی ہے۔ عدالت نے وزیر توانائی اور وزیر خزانہ کو طلب کرتے ہوئے معاملے کی سماعت منگل 15 جنوری 2019ء تک ملتوی کردی۔
.......
/169