1 جنوری 2019 - 08:10
پاکستانی وزیراعظم سے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی ملاقات

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین نے ملکی سیاست میں مختلف ایشوز پر اصولی موقف اپنایا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اس ملک کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور ملک کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے مجلس وحدت مسلمین کے ملکی سیاست میں مختلف ایشوز پر اصولی موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ مظلومین کی حمایت میں آواز بلند کی ہے، تفتان بارڈر پر زائرین کے مسائل کو مستقل طور پر حل کریں گے اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تفتان بارڈر پر ایف آئی اے کی نئی عمارت اور زائرین کے مشکلات کے حل کیلئے سنجیدہ حکومتی اقدامات اور سہولیات کی فراہمی پرعمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا کرپٹ عناصر کے خلاف موقف عوام کی آواز ہے۔ کرپٹ عناصر اور کرپشن کا سدباب کئے بغیر ملکی ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیراعظم عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے محروم عوام کی نگاہیں بھی آپ کی جانب مرکوز ہیں، ستر سال سے آئینی شناخت کے حصول کے خواہش مند گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق صوبائی سیٹ اپ فراہم کیا جائے۔

.......

/169