25 نومبر 2018 - 12:51
معرفت کیلئے ضروری ہے علم کی حقیقت کو سمجھا جائے، طاہرالقادری

منہاج یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب میں عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ علم مومن کی میراث ہے، ہمارے نوجوانوں کو علم کے میدان میں مزید آگے جانا ہوگا، ایک زمانہ تھا جب پوری دنیا پر مسلمان چھائے ہوئے تھے، ان کی ترقی کی وجہ علم تھا، مگر پھر مسلمانوں کی علم کا دامن چھوڑا اور دوسرے غالب آ گئے، کیوں کہ انہوں نے علم کا دامن تھام لیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج یونیورسٹی لاہور کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ و طالبات نے تعلیم کا ایک مرحلہ آج مکمل کیا ہے، تعلیم کے مختلف مراحل ہیں، یہ تو ابھی حصول علم کا آغاز ہوا ہے، تعلیم ہمیں علم کی طرف لے کر جاتی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ علم آرٹس، سائنس، تاریخ، میڈیکل سائنس میں پھیلا ہوا ہے، انسان خود کو جاننا چاہتا ہے تو علم کا مطلب بدل جاتا ہے، انسان جب اپنی تخلیق کو جاننا چاہتا ہے تو علم کی کیفیت مختلف ہے۔

طاہرالقادری نے کہا کہ زندگی خوبصورت کیسے بنے گی،؟ اچھے بُرے کی تمیزعلم میں ہے، 17 سال تعلیم حاصل کرکے علم کی جانب بڑھنے کا طریقہ سکھایا گیا ہے، معرفت کیلئے ضروری ہے علم کی حقیقت کو سمجھنا ہوگا۔ طاہرالقادری نے کہا کہ اب یونیورسٹی سے فارغ ہوگئے لیکن علم کا حصول بند نہیں ہوا، بلکہ یہ علم کے حصول کا ایک اور مرحلہ شروع ہوا ہے، اس میں بھی قدم قدم پر سیکھنے کے مواقع ملیں گے، جن سے فائدہ اٹھانے والے فائدے میں رہیں گے اور ان مواقعوں کو نظرانداز کرنیوالے خود نظرانداز کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علم مومن کی میراث ہے، ہمارے نوجوانوں کو علم کے میدان میں مزید آگے جانا ہوگا، ایک زمانہ تھا جب پوری دنیا پر مسلمان چھائے ہوئے تھے، ان کی ترقی کی وجہ علم تھا، مگر پھر مسلمانوں کی علم کا دامن چھوڑا اور دوسرے غالب آ گئے، کیوں کہ انہوں نے علم کا دامن تھام لیا۔ اب حالات دوبارہ تبدیل ہو رہے ہیں، علم کی جانب مسلم نوجوان راغب ہو رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب پھر علم کی سلطنت میں مسلمانوں کی حکمرانی ہوگی۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ حصول علم کا کوئی موقع ضائع نہ کریں۔

.......

/169