اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد میں میٹرک طلبہ کی تربیتی ورکشاپ میں جشن بلوغ کا انعقاد ہوا جس سے درجنوں طلبہ نے شرکت کی ۔تقریب سے ڈاکٹر عقیل موسیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سن بلوغ کو پہنچنے والے بچوں کا جشن، بڑی اہم تقریب ہے اللہ سے ملنے والی اس نعمت کا انسان شکر بجا لاتا ہے اس سن تک پہنچنے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ عقلی و جسمانی اعتبار سے انسان اس مقام پر پہنچ گیا ہے کہ اللہ تعالی کے احکامات شرعیہ کا اطلاق اس پر ہونے لگا ہے اور وہ اللہ کے فرامین کی اطاعت کرنے والوں کے زمرے میں شامل ہو رہا ہے انہوں نے مزید کہاکہ یہ سعادت و کامرانی کی سمت رواں دواں ہونے کے لئے اللہ کی جانب سے معین کردہ احکامات وصول کرنے کی اہلیت حاصل ہونے کا جشن ہے۔ علامہ عقیل موسیٰ نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے رابطے کا بہترین طریقہ نماز اور قرآن کی تلاوت ہے۔ اس حقیقت پر توجہ کہ نماز میں انسان کی گفتگو خدائے قدیر سے ہوتی ہے، انسان کے اندر توکل، شجاعت اور خود اعتمادی کا جذبہ پیدا کرے گی۔ لہذا آپ نماز کو اول وقت اور پوری توجہ سے پڑھئے اور قرآن نیز اس کے نورانی و رہنما معانی سے خود کو مانوس بنائیے۔انہوں نے کہا مزید کہا کہ جسمانی صحت و سلامتی مناسب غذا اور ورزش سے حاصل کی جا سکتی ہے اور روحانی سلامتی اللہ پر توجہ مرکوز کرنے، نماز، دعا، توسل اور شہیدوں کو یاد کرنے سے حاصل ہو سکتی ہے جبکہ فکری سلامتی کے لئے اچھے مفکرین اور مصنفین کی رہنما کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲