اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابیطالبؑ کے یوم شہادت کے سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان جموں کشمیر کے اہتمام سے حسب عمل قدیم وادی کے اطراف و اکناف میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا ۔ اس سلسلے کے سب سے بڑے اجتماعات مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں منعقد ہوئے ۔ امام باڑہ بڈگام میں عقیدت مندوں کے جمع غفیر سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مولائے کائناتؑ کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ آغا حسن نے کہا کہ حضرت علیؑ وہ ذات اقدس ہیں جن کو بچپن سے ہی صحبت و تربیت رسولؐ نصیب ہوئی۔ رسول اکرمؐ نے بذات خود علیؑ کی پرورش کی ذمہ داری لی اور جس ذات کو سرور کونینؐ کا سایہ سرپرستی نصیب ہوا ہو اس کی عظمتوں کا کوئی اندازہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ علیؑ کا کردارو عمل قرآن و اسوۂ رسولؐ کا عملی نمونہ ہے اور رسول اسلامؐ کی حمایت و نصرت اور اطاعت علیؑ کی سیرت کا سب سے نمایاں پہلو ہے۔ آغا حسن نے کہا کہ علیؑ کی ذات اقدس اسلام و مسلمین کی سربلندی کی علامت ہے اور آپ کا کردارو عمل اسلام و مسلمین کی حفاظت کا لائحہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیؑ سے محبت و عقیدت کا اولین تقاضا اطاعت رسولؐ اور شریعت کی پیروی و پاسداری ہے۔ ائمہ معصومینؑ کے ایام ولادت یا شہادت کی مجالس کا بنیادی مقصد یہی ہوتا ہے کہ لوگوں کو دین وشریعت کی پیروی اور پاسداری کی طرف متوجہ کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲