اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( ) امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کے سلسلے میں اسلام آباد،لاہور،کراچی،کوئٹہ،پشاور، حیدر آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عزاداری کے جلوس برآمد ہوئے جن میں شیعان حیدر کرار نے پرسہ پیش کیا۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ،صوبائی اور ضلعی رہنماؤں سمیت دیگر اراکین نے اپنے اپنے علاقوں سے برآمد ہونے والے جلوسوں میں شرکت کی۔اسلام آباد سے برآمد ہونے والے جلوس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری شریک ہوئے۔اس موقعہ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ پولیس انتظامیہ سمیت وحدت سکاؤٹس اور وحدت یوتھ کے نوجوانوں نے جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پراپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے مختلف شہروں میں مومنین کے لیے سبیلوں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقعہ پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دور حاضر کے فتنوں سے نمٹنے کے لیے عدلِ علی ؑ کی ضرورت ہے۔آج کی خارجیت کو کچلنے کے لیے سیرت علی علیہ السلام کو شعار بنانا ہو گا۔چودہ سو سال قبل جن دہشت گرد قوتوں نے دین اسلام کی شکل بگاڑنے کے لیے سراٹھایا آج وہی خارجی نسل داعش، طالبان اوردیگر دہشت گرد جماعتوں کی صورت میں اسلام کے روشن تشخص کو داغدار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ باب العلم حضرت علی علیہ السلام کا واضح فرمان ہے کہ کفر پر مبنی حکومت قائم رہ سکتی ہے مگر ظلم پر مبنی حکومت قائم نہیں رہ سکتی۔ ہمیں یہ بات ذہن نشین کرنا ہو گی کہ تباہی و ذلت کی دلدل سے نکلنے کا واحد راستہ نظام عدل کے حقیقی نفاذ میں ہے۔ انصاف کے دوہرے معیارات قوم میں طبقاتی تقسیم اور غیر منصفانہ طرز عمل کی تقویت کا باعث بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں صرف امت مسلمہ انتشار، تفرقہ اور دہشت گردی کاشکار ہے جس کی واحد وجہ دین اسلام کی تعلیمات سے دوری ہے۔آج ہم جس دہشت گردی سے نبرد آزما ہیں ان کی بنیاد ملعون خارجی عبد الرحمن ابن ملجم نے حضرت علی علیہ السلام پر مسجد میں بحالت نمازوار کر کے رکھی۔آج اسی فکر کے پیروکار عبادت گاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور نہتے نمازیوں کو شہید کرنا ثواب سمجھتے ہیں۔اسلام دشمن طاقتیں فرقہ واریت کے فروغ کے لیے تکفیری فکر کا فروغ چاہتی ہیں تاکہ مسلمان دست و گریبان رہیں۔ان اسلام دشمن طاقتوں کا راستہ روکنے کے لیے بصیرت و جرات حیدرکرار کی ضرورت ہے۔ علامہ ناصر عباس نے یوم شہادت کے اس موقعہ پر امام زمانہ علیہ السلام اور مومنین کے حضور ہدیہ تعزیت پیش کیا ہے اور سیکورٹی کے موثر انتظامات پر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲