25 مئی 2018 - 15:25
بھارت تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں: آغا حسن

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں نمازہ جمعہ کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ LOCپر بندوقوں کی گن گرج آر پار کشمیریوں کیلئے وبال جان بن چکی ہے اور ہر روز جانی اور مالی نقصان خانوادوں کواُجھاڑ رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے LOC پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ہند پاک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں مستقل امن و استحکام کی کوئی ضمانت نہیں۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں نمازہ جمعہ کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ LOCپر بندوقوں کی گن گرج آر پار کشمیریوں کیلئے وبال جان بن چکی ہے اور ہر روز جانی اور مالی نقصان خانوادوں کواُجھاڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے LOC کے دونوں اطراف رہنے والے لوگوں کیلئے کبھی نہ ختم ہونے والی مصیبت بن چکی ہے۔ آئے روز ہزاروں لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور ہوناپڑرہا ہے۔ دونوں ممالک کی حکومتیں یہ سب انسانیت سوزیاں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہیں، لیکن روایتی دشمنی کوبرقرار رکھتے ہوئے حقائق سے آنکھیں چرانے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ آغا حسن نے واضح الفاظ میں کہا کہ بھارت تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں، بلکہ تنازعہ کشمیر کو طاقت و تشدد کی روایتی پالیسی سے حل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲