اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ ایران کے تیل بردار بحری جہاز کے عملے کے دوافراد کی ملنے والی لاشیں طبی قانونی کارروائی کے لئے بھیج دی گئی ہیں جبکہ بحری جہاز کا بلیک باکس ایران، چین اور پاناما کے نمائندوں کی موجودگی میں سیل کر کے جائزہ لینے کے لئے عالمی سیلنگ تنظیم کو ارسال کر دیا گیا۔طے پایا ہے کہ ایران کے تیل بردار بحری جہاز کے عملے کے دو افراد کی ملنے والی لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا تاکہ ان کی پہچان ہو سکے۔ایران کے تیل بردار بحری جہاز کے حادثے کا جائزہ لینے کے لئے ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی کے کمیشن کے نائب سربراہ محمد مہدی برومندی چین گئے ہیں۔انھوں نے شنگھائی میں کہا ہے کہ صورت حال کا جائزہ لینے سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ ایران اور چین کے امدادی کارکنوں نے تیل بردار بحری جہاز میں لگی آگ کو بجھانے کی اپنی پوری کوشش کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایران کے تیل بردار بحری جہاز کے اس حادثے میں تمام کارکنوں کے جاں بحق ہونے پر ایران میں پیر کے روز عام سوگ کا اعلان کیا گیاہے ۔
.......
/169