اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے قصور میں جنسی درندگی کا شکار ہونیوالی معصوم بچی زینب کے گھر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قصور میں حکومتی دہشتگردی کی پوری قوم مذمت کر رہی ہے، پوری دنیا میں اس سے پاکستان کا امیج خراب ہوا ہے اور ملک کی بڑی بدنامی ہوئی ہے، یہ پہلا نہیں بلکہ 13واں واقعہ ہے، ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ متواتر جنسی تشدد کے واقعات رونما ہوں اور حکومت کو اس کی کوئی خبر نہ ہو سکے، ان واقعات کے پیچھے خود حکمراں ہیں اور ان کی سرپرستی میں ان کے چہیتے سارا کام کر رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ قوم باہر نکلے اور ان ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل 3 سو سے زائد بچے اور بچیوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ان مظلوموں کی روحوں اور ان کے والدین کی آہوں نے عرش الہٰی کو ہلا دیا ہے، انہی مظلوموں کی بددعاؤں اور آہوں کی وجہ سے نواز شریف نااہل ہوئے اور ان کا پوراخاندان مصائب میں گھرا ہوا ہے، مظلوموں کی آہیں ضرور اثر کریں گی اور ان ظالم حکمرانوں سے جلد ملک و قوم کو نجات ملے گی۔ صاحبزادہ زبیر نے زینب کے والدین سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی اور جنسی درندگی واقعہ پر دکھ، افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا اور جے یو پی اور ملی یکجہتی کونسل کی طرف سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ صاحبزادہ زبیر نے کہا کہ زینب کے والد محمد امین نے بتایا کہ وہ اس وقت مدینہ شریف میں تھے، انہوں نے حضور(ص) کی بارگاہ میں اپنا مقدمہ پیش کیا یہی وجہ ہے کہ اس سے قبل ہونیوالے سانحات کو دبا دیا جاتا تھا اور یہ معاملہ نہیں دب سکا، یہ واقعہ ان حکمرانوں سے نجات کا باعث بنے گا۔
.......
/169