اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیموں اور علمائے کرام نے ملک کے سرکردہ مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی جسمانی صحت کے بارے میں سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب الدراز کے مکینوں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائش گاہ کا فوجی محاصرہ ختم کرانے کے لیے پیر کی شام ان کے گھر کی جانب مارچ کا آغاز کریں۔
بحرین کی علما کی کونسل کے رکن شیخ محمد حسن خجستہ نے بتایا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کئے جانے کی ضرورت ہے اور ان کی صحت کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کی ذمہ داری حکومت بحرین اور خاص طور سے شاہ بحرین پر عائد ہو گی۔
انہوں نے انسانی حقوق کی علاقائی اور عالمی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر موثر اقدامات عمل میں لائیں اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی زندگی بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
بحرین کی علما کونسل کے رکن محمد حسن خجستہ نے کہا کہ کئی ماہ سے جاری فوجی محاصرے اور گھر میں قید ہونے کی وجہ سے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے معالجے کا عمل معطل ہو گیا ہے اور ان کی جسمانی صحت انتہائی خراب ہو گئی ہے۔
بحرین کی انسانی حقوق کانفرنس اور پیس آرگنائیزیشن نے بھی دنیا کے دیگر ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی زندگی بچانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں۔
بحرین فریڈم اینڈ ڈیموکریٹک یونین نے بھی پیر کے روز جاری ہونے والے بیان میں ملک کے بادشاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کو آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی جان کو پہنچنے والے کسی بھی قسم کے نقصان کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کا فوجی محاصرہ، گھر میں قید اور علاج پر عائد پابندی بہت بڑا جرم ہے جس کا آل خلیفہ حکومت ارتکاب کر رہی ہے۔
دوسری جانب آیت اللہ عیسی کے قاسم کے آبائی علاقے الدراز کے لوگوں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی ہے وہ آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کا محاصرہ اور قید کا سلسلہ ختم کرانے کے لیے پیر کی رات ان کے گھر کی جانب مارچ شروع کریں۔
بحرین کے دیگر علاقوں کربا باد، شاخورہ، ابوصبح اور بعض دیگر علاقوں کے لوگوں نے پیر کی رات آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔
بحرین کی شاہی حکومت نے ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کے مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ اور جون دو ہزار سولہ سے انہیں ان کے گھر میں قید کر رکھا ہے اور ان کا گھر مسلسل فوج کے محاصرے میں ہے۔ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے انقلابی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام شاہی حکومت کے خاتمے اور جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بحرین کی شاہی حکومت سعودی فوجیوں کی مدد سے عوامی تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲