اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کے شہر سرینگر میں معروف مذہبی اسکالر و ادبی شخصیت سید قلبی حسین رضوی کو ان کی دوسری برسی کے موقعے پر خراج عقیدت پیش کیا گیاـ اس سلسلے میں ان کے آبائی گاؤں شالہار میں قائم امام بارگاہ میں ایک ادبی تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام جموں و کشمیر ادبی مرکز کمراز کی اکائی کاروان ادب ڈب گاندربل نے ریاستی کلچرل اکادمی کے اشتراک سے کیا جس میں سرکردہ ادیب و شعراء کے علاوہ مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے سید قلبی حسین رضوی کی زندگی اور مختلف شعبوں میں ان کی خدمات کو سراہا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
پہلی نشست کی صدارت کاروان ادب کے سربراہ سید عباس جوہر نے کی جبکہ ڈاکٹر شبنم رفیق بھی صفحہ صدارت میں موجود تھے۔ اس نشست میں تین مقررین جن میں سید عباس جوہر، امتیاز احمد انجم اور سید اختر منصور شامل تھے نے سید قلبی حسین رضوی کی زندگی پر مفصل روشنی ڈالی۔
دوسری نشست میں ریاستی کلچرل اکادمی کے اہتمام سے مرحوم قلبی شالہاری کی یاد میں ایک محفل مشاعرہ کا انعقاد ہوا جس میں کاروان ادب سے وابستہ سرکردہ شعراء حضرات نے حصہ لیا ۔مشاعرے کی صدارت ادبی مرکز کمراز کے جنرل سیکریٹری اور معروف براڈکاسٹر محمد امین بٹ نے کی ۔ اس کے علاوہ قلبی حسین شالہاری کے برادر اصغر سید قلبی عباس رضوی بھی صفحہ صدارت میں موجود رہے ۔ اس دوران شعراء نے اپنے منظوم کلام سے مرحوم قلبی حسین شالہاری کو گل ہائے عقیدت نچھاور کئے۔ اس موقع پر کاروان ادب ڈب گاندربل کا سہ ماہی رسالہ '' منزُل '' جو معروف شاعر اختر منصور کے زیر ادارت چھپتا ہے کی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی۔ آخر پر کاروان کے سربراہ سید عباس جوہر نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔

ابنا رپورٹر: ساجد رسول
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲