24 اگست 2017 - 11:23
عراقی وزیر خارجہ: مسئلہ فلسطین کے بارے میں عراق کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے

عراق کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنے دیرینہ موقف پر قائم ہے اور فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بغداد میں فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عراق کے وزیر خارجہ ابراہم الجعفری نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے عراق کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراق کی دینی اور مذہبی قیادت اور علمائے کرام شروع سے آج تک فلسطینیوں کی امداد اور حمایت پر زور دیتے آئے ہیں۔
عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کی حکومت عراق کی تعمیر نو میں فلسطینی ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
فلسطین کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر فلسطینی کاز کی حمایت پر عراقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عراق شروع ہی سے اسرائیل کے خلاف جد وجہد میں فلسطینیوں کی حمایت کرتا آیا ہے اور اس نے تمام عالمی فورموں پر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کیا ہے۔
فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی بدھ کے روز عراقی حکام کے ساتھ ملاقات اور دوطرفہ معاملات پر بات چیت کی غرض سے بغداد پہنچے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169