13 جولائی 2017 - 08:16
حماس: غزہ کی 51 روزہ جنگ میں 2260 فلسطینی شہید اور 11 ہزار فلسطینی زخمی ہوئے

فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما علی برکہ نے غزہ کی 51 روزہ جنگ کی سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ آئندہ جنگ غزہ سے باہر لڑی جائے گی اور تمام ممالک ایک جیسے نہیں ہیں سب ممالک میں ایران فلسطینیوں کا بہترین اور مخلص حامی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما علی برکہ نے غزہ کی 51 روزہ جنگ کی سالگرہ کے موقع پر کہا کہ ایران ایک اہم اسلامی ملک ہے جو فلسطینیوں اور مسئلہ فلسطین کا سب سے بہترین اور مخلص حامی ہے اور غزہ جنگ کے دوران ہم ایران کی بھر پور حمایت کے شکر گزار ہیں۔

حماس کے رہنما نے کہا ہے کہ غزہ کی 51 روزہ جنگ میں 2260 فلسطینی شہید اور 11 ہزار فلسطینی زخمی ہوئے جن میں بچوں اورعورتوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ شہداء میں 500 بچے اور 250 عورتیں شامل تھیں۔

علی برکہ کا کہنا تھا کہ غزہ کی جنگ میں اسلامی مزاحمت نے حیفا اور تل ابیب کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ۔ حیفا غزہ سے 100 کیلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے جبکہ تل ابیب 80 کیلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ میں 5 ملین صیہونیوں کی پناہ گاہوں میں پناہ لینے پر غاصب صیہونیوں پر خوف و ہراس طاری ہوگیا تھا۔

حماس کے رہنما علی برکہ نے اسرائیل کے ساتھ سازشی مذاکرات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونیوں کے ساتھ مذاکرات در حقیقت سازشی مذاکرات ہیں جن کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

.......

/169