22 اکتوبر 2026 - 11:24
ایرانی پولیس کے نائب سربراہ: تمام صوبوں میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے

ایران کی قومی پولیس فورس کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی امن و امان کی صورتحال الحمدللہ تسلی بخش ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، جنرل قاسم رضائی نے جمعرات کے روز صوبۂ کرمان کے جنوبی علاقے میں واقع جیرفت ایئرپورٹ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خطے میں ہونے والی تبدیلیوں اور امریکی و صیہونی حکومت کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دھمکی آمیز بیانات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی طاقتور مسلح افواج پوری قوم کے ساتھ مل کر اسلامی انقلاب کی اقدار اور ملکی سالمیت کا بھرپور دفاع کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک کی پولیس فورس کا نظریۂ عمل ذمہ داری کے شعور کے ساتھ جہاد کرنے کے تصور پر مبنی ہے۔ ان کے مطابق، اس ادارے میں اب  مأمور معذور  یعنی یہ تصور اپنی اہمیت کھو چکا ہے کہ اہلکار صرف حکم کی تعمیل کے پابند ہیں اور ذمہ داری سے بری ہیں۔ جہاں بھی قانون اور عوامی ضروریات تقاضا کریں گی، وہاں ہماری فورس پوری قوت کے ساتھ موجود ہوگی۔

ایران کی قومی پولیس فورس کے نائب سربراہ نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں پولیس کی خدمات میں اضافہ کیا گیا ہے اور پولیس اہلکار کے لیے دن، رات یا تعطیل میں کوئی فرق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام کے دشمن ماضی میں بھی اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے اور آج بھی ایرانی قوم کے جذبۂ غیرت، مسلح افواج کی دانش مندی اور عوام کے تعاون کی بدولت اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

جنرل رضائی نے جنوبی کرمان میں پولیس ہیڈکوارٹر کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک وسیع ملک ہے اور الحمدللہ اسے مناسب سطح کی سکیورٹی حاصل ہے۔ صوبۂ کرمان بھی ملک کے وسیع ترین صوبوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہاں معدنی وسائل کی فراوانی، تجارتی محلِ وقوع اور زراعت کے متنوع امکانات موجود ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ پولیس کے انتظامی ڈھانچے کو صوبے کے رقبے اور وسائل کے مطابق ترتیب دیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی کرمان میں پولیس ہیڈکوارٹر کا قیام مقامی عوام کے مطالبے اور علاقے کے حکام کے تعاون سے عمل میں آیا ہے۔ فراجا نے اس خطے میں پولیس خدمات بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم، اس اقدام کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ یہاں بدامنی موجود ہے، بلکہ اس کا مقصد پائیدار امن و امان کو مزید مستحکم کرنا، ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا، معدنی وسائل سے بہتر طور پر استفادہ کرنا اور خطے کی ترقی کے دیگر امکانات کو فروغ دینا ہے۔

ایران کی قومی پولیس فورس کے نائب سربراہ نے واضح کیا کہ جنوبی کرمان میں عوام اور مقامی حکام کے ساتھ ایک زیادہ جامع اور مضبوط پولیس کمانڈ کے قیام سے ملک کے مختلف اداروں اور نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کی آمد کا راستہ ہموار ہوگا، تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ اس خطے کے وسیع وسائل اور امکانات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں بھی حالات الحمدللہ تسلی بخش ہیں۔ فراجا حکومت کے ساتھ ہم آہنگی اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اسے مکمل تیاری حاصل ہے کہ ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی غرض سے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha