اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے اطراف اکناف میں جمعة الودع کے اجتماعات منعقد ہوئے اور جلوس ہائے یوم قدس و کشمیر برآمد کئے گئے۔ جن مقامامات پر یوم قدس کے بڑے بڑے جلوس برآمد کئے گئے اُن میں مرکزی امام باڑہ بڈگام، قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر، جامع مسجد ماگام، جامعہ مسجد گامدوسونواری، جامع مسجد سونہ پاہ بیروہ، آستانہ میر شمس الدین اراکیؒ چاڈورہ، جامع مسجد اندرکوٹ سمبل ، امام باڑہ چھاترگام ، جامعہ مسجد نوگام سمبل ، جامع مسجد سوٹھ کٹرباغ ،امام باڑہ وکھر ون پلوامہ اور امام باڑہ صوفی پورہ پہلگام شامل ہیں۔ یوم قدس کا سب سے بڑا جلوس مرکزی امام باڑہ بڈگام سے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں برآمد کیا گیا جس میں دسیوں ہزار فرزندان توحید نے شرکت کی۔ شرکائے جلوس نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھارکھے تھے جن پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف اور فلسطین و کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین فلسطینی مظلوم عوام پر اسرائیلی جارحیت ، یمن پر سعودی فضائی جارحیت، بحرین کے عوام اور عوامی تحریک کے قائدین پر حکومت آل خلیفہ کے مظالم روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور کشمیر میں بھارتی فورسز کی جبروبریبریت کے خلاف نعرے بلند کررلے تھے۔مین چوک بڈگام میں جلوس قدس سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے فلسطین اور کشمیر کے دیرینہ مسائل کے تئیں عالمی برادری کی سرد مہری اور عدم توجہی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کو جو ں کا توں رکھنے سے مشرقی وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو زبر دست خطرات کا سامنا درپیش ہے۔ دونوں مسائل کے حل کی ناگزیریت کی ضرورت کے احساس کے باوجود عالمی ادارے بالخصوص اقوام متحدہ پر اثر و رسوخ رکھنے والی مغربی طاقتیں صرف اس لئے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں کہ ان خطوں میں مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے۔آغا صاحب نے کہا کہ مسلمان ممالک کی آمر حکومتیں امریکہ اور اسرائیل کے اشاروں پر اپنے عوام کے جذبات وخواہشات اور جمہوری حقوق کا گلہ گھونٹ رہے ہیں۔ نائجریا میں بلند پایہ اسلامی سکالر اایت اللہ ابراہیم زکزاکی کی قید تنہائی، بحرین میں آیت اللہ شیخ سلمان کی مدت دراز سے نظر بندی اور آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت کی منسوخی، یمن میں حوسی اکثریت کا قتل عام امریکہ کے گریٹر اسرائیل کے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کڑیاں ہیں۔ آغا صاحب نے کہا کہ عالم اسلام کو اس وقت جس خونین صورتحال کا سامنا ہے اُس کی بنیادی وجہ امریکہ کا گریٹر اسرائیل کابہیمانہ منصوبہ ہے، جس کی تکمیل کی راہ میں ایران اور اُس کے حلیف ممالک سد راہ بنے ہوئے ہیں۔ شب قدر کے موقعہ پر کاک پورہ پلوامہ میںنہتے عوام پر فورسز کے جبروبربریت کی مذمت کرتے ہوئے آغا صاحب نے فورسز کی گولیوں کے شکار نوجوان توصیف احمد کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لاحقین سے تعزیت و تسلیت کی۔ نوہٹہ سرینگر میں پولیس آفیسر کے قتل کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ اس طرح کے واقعات رواں جدوجہد کیلئے ضرر رساں ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس آفیسر کو جن حالات میں قتل کیا گیا وہ کشمیری روایات اور انسانیت کے اصول کے منافی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲