5 مئی 2017 - 17:50
سعودی ولیعہد کے جانشین کا جنگ پسندانہ بیان خطے میں آل سعود کی تخریبی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی ولیعہد کے جانشین کا جنگ پسندانہ بیان خطے میں آل سعود کی تخریبی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سعودی ولیعہد کے جانشین محمد بن سلمان کے مخاصمانہ بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان خطے میں سعودی عرب کی جانب سے کشیدگی پیدا کرنے، دہشت گردی کو بڑھاوا دینے اور اس کے ذریعے تباہ کن پالیسیاں اختیار کئے جانے کا ثبوت ہے۔

ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ بن سلمان کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ خطے کے مسائل سے متعلق ان کی سوچ صحیح نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بن سلمان کا بیان خطے کے حالات کے برعکس نہایت افسوسناک ہے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گذشتہ برسوں کے دوران اپنے قول و عمل سے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ وہ مشترکہ امور پر علاقے کے تمام ملکوں کے ساتھ مفاہمت اور تعاون کا خواہاں رہا ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ مغربی ایشیا کے کشیدہ ماحول میں ایسی حالت میں جبکہ علاقے میں تمام ملکوں کے درمیان تعاون و مفاہمت کی دیگر علاقوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ضرورت ہے، سعودی ولیعہد کے جانشین کا بیان اسٹریٹیجک غلطی، سیاسی دوراندیشی سے عاری اور ایک نادرست بیان سمجھا جاتا ہے۔

بہرام قاسمی نے سعودی ولیعہد کےجانشین کے بیان میں کئے جانے والے دعوے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے جو بات اہمیت رکھتی ہے وہ، عالم اسلام میں اتحاد اور اس حساس خطے میں بحرانوں سے باہر نکلنے کے لئے تمام ملکوں کے درمیان یکجہتی ہے، اس لئے کہ علاقے میں جاری بحران بیرونی مداخلت، انتہا پسندانہ افکار، تکفیری دہشت گردی اور سعودی وہابیت کے اثرات کا نتیجہ ہے۔

واضح رہے کہ سعودی ولیعہد کے جانشین نے منگل کے روز تمام مسائل و مذاکرات کے ذریعے حل اور پڑوسی اور خطے کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر مبنی ایران کے اصولی موقف کے برخلاف کہا ہے کہ ایران کے ساتھ سعودی عرب کی مفاہمت نہیں ہو سکتی۔

سعودی وزیر دفاع نے تمام شعبوں میں ایران کی ترقی و پیشرفت سے چشم پوشی، بغض و کینے سے کام لیتے ہوئے اور پسماندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ اسلامی انقلاب کے بعد ایران ترقی کرنے میں پیچھے رہا ہے۔

محمد بن سلمان نے العربیہ ٹی وی سے گفتگو میں یمن پر سعودی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ جس میں اب تک بارہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید، ہزاروں زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، یہ جھوٹا دعوی بھی کیا ہے کہ سعودی عرب، یمن کے خلاف جنگ پر مجبور ہوا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲